Urdu book · علماء اور دورِ جدید

اورنگ زیب عالم گیر

Urdu book, p. 11

By Maulana Wahiduddin Khan

کی ترقیوں سے بے خبر تھے بلکہ وہ اس سے پہلے کی ان ترقیوں سے بھی نا واقف تھے جو مسلمان اسپین کے دور حکومت (۱۴۹۲ء - ۷۱۱) میں کر چکے تھے۔ اسپین میں جب مسلم سلطنت کو زوال ہوا تو وہاں کے علماء اور سائنس داں اسپین سے نکل کر باہر جانے لگے۔ اس وقت ترکی میں طاقت ور مسلم خلافت (۱۹۲۴ء - ۱۳۰۰) قائم تھی۔ اس زمانہ میں غالباً کچھ مسلم سائنس داں بھاگ کر ترکی گئے۔ مگر وہاں کے دربار میں انھیں کوئی پذیرائی نہیں ملی۔ مسلم اسپین کے زوال کے بعد ۱۵۲۶ء میں ہندوستان میں مغل سلطنت قائم ہوئی۔ مگر مغل حکمرانوں کو یہ خیال نہیں آیا کہ وہ قدیم مسلم اسپین کے کچھ سائنس دانوں کو بلائیں اور علمی ترقی کا وہ کام ہندوستان میں جاری کریں جس کا سلسلہ اسپین میں منقطع ہو گیا تھا۔ تحقیق و ریسرچ کا یہ کام صرف حکومت کی سرپرستی کے تحت ہو سکتا تھا۔ چنانچہ ان سائنس دانوں کو جب مسلم دنیا میں مواقع نہیں ملے تو وہ مغربی یورپ میں داخل ہونے لگے۔ وہاں انھیں بادشاہوں کی طرف سے سرپرستی حاصل ہوئی۔ یہی سبب ہے جس کی بنا پر اسپین کے عمل کی تکمیل مسلم دنیا میں نہ ہو سکی ، وہ یورپ کی سر زمین پر ہوئی۔ اور نگ زیب بھی اپنی بے خبری اور سیاست سے غیر معمولی دل چسپی کی بنا پر اپنے زمانہ میں اس رخ پر کوئی اقدام نہ کر سکا۔ آخری مرحلہ میں سائنس کی ترقی کا کریڈٹ تمام تر یورپ کے حصہ میں چلا گیا۔ جدید دور کے تمام ابتدائی اسباب اور اس کے ابتدائی مظاہر اور نگ زیب کے زمانہ میں پیدا ہو چکے تھے۔ روایتی گھڑی کے مقابلہ میں اسپرنگ دار (spring - driven) گھڑی کا ابتدائی ماڈل ۱۵۰۰ء میں جرمنی میں تیار کر لیا گیا تھا۔ جغرافیہ اور بحریات میں ترقی کی بنا پر پرتگال کا واسکوڈی گاما، ۹۹ ۱۴ میں کالی کٹ کے ساحل پر اتر چکا تھا۔ اور اس طرح اس نے یورپ اور ایشیا کے درمیان بحری راستہ کھول دیا تھا۔ ۱۵۱۰ء میں پرتگال نے گووا پر قبضہ کر لیا تھا۔ برٹش ایسٹ انڈیا کمپنی ۱۶۰۰ء میں بنی اور فرینچ ایسٹ انڈیا کمپنی ۱۶۶۴ء میں قائم ہوئی۔ مگر اور نگ زیب اپنی سیاسی مشغولیت کی بنا پر ان واقعات سے بے خبر رہا۔ حالانکہ یہ واقعات بتا رہے تھے کہ آئندہ نہ صرف بر صغیر ہند بلکہ سارے عالم اسلام کے لیے جو مسئلہ پیدا ہونے والا ہے وہ اپنی نوعیت میں خارجی ہے نہ کہ داخلی۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page