جدید انسان کی تلاش
Urdu book, p. 370
By Maulana Wahiduddin Khan
جدید انسان کی تلاش ژین فرانس ریویل (Jean-Francios Revel, 1924-2006) کی کتاب مارکس یا مسیح کے بغیر (Without Marx or Jesus) فرانس میں 1970 میں شائع ہوئی۔ کتاب میں مصنف نے فرنچ شاعر اور نقاد بودیلیئر (Charles-Pierre Baudelaire, 1821-1867) کا قول نقل کیا ہے جس نے تجویز کیا تھا کہ انسانی حقوق کے اعلان میں دو مزید حق شامل کیے جائیں۔ ایک، آپ اپنی تردید کرنے کا حق۔ دوسرے کنارہ کشی کا حق۔ The right to contradict oneself, and the right to walk away. (p. 209) امریکی نوجوان آج اسی انقلاب کی طرف جا رہا ہے۔ ایک طرف وہ ایک ایسے سماج کو رد کر رہا ہے جس کا محرک صرف منافع ہو اور جس پر صرف اقتصادی امور کا غلبہ ہو۔ دوسری طرف اسے روایتی مذاہب پر بھی اطمینان نہیں۔ کیوں کہ اس کے نزدیک بہترین مذہب وہ ہے جسے آدمی خود دریافت کرے۔ امریکی نوجوانوں میں ابھرنے والے رجحانات کے چند نمایاں پہلو یہ ہیں؛ اخلاقی قدروں کی طرف واپسی کا رجحان، محض اقتصادی اور تکنیکی سماجی مقاصد کو رد کرنا، اور قدرتی ماحول کو تجارتی مفاد سے زیادہ اہمیت دینا۔ مصنف کے مطابق، ”آج امریکا میں ایک نیا انقلاب جنم لے رہا ہے، جو انسانیت کے لیے نجات کی راہ پیش کرتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ مبنی برٹیکنالوجی تہذیب کو منزل سمجھنے کے بجائے اسے ایک ذریعہ کے طور پر لیا جائے ۔ اور چونکہ نہ تو اس تہذیب کو مکمل طور پر ترک کرنا ہمارے لیے فائدہ مند ہے، اور نہ ہی اس کا جوں کا توں برقرار رکھنا مفید، اس لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے اندر وہ صلاحیت پیدا کریں جس سے ہم اس تہذیب کو مکمل طور پر ترک کرنے کے بجائے اسے ایک نئی اور بہتر صورت دے سکیں۔“

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader