۴۔ غیر علمی طرز فکر کا خاتمہ
الرسالہ، جولائی ۱۹۷۷، صفحہ ۵۸
تعارف و تبصرہ محاسن موضح قرآن از مولانا اخلاق حسین قاسمی دہلوی صفحات ۴۶۵ قیمت مجلد پندرہ روپے پتہ: ادارہ رحمت عالم، شیخ چاند اسٹریٹ، لال کنواں دہلی مصنف کتاب مولانا اخلاق حسین قاسمی پچھلے ۳۵ سال سے دہلی کی مساجد میں قرآن کا درس دیتے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں مولانا کے سامنے ”دوسری تفاسیر کے ساتھ خاص طور پر حضرت شاہ عبدالقادر صاحب کا ترجمہ اور تشریحی فوائد پیش نظر رہے ہیں (۷)، موصوف نے دیکھا کہ ناشرین کی بے پروائی سے شاہ صاحب کے ترجمہ اور فوائد میں اغلاط داخل ہوگئی ہیں۔ انھوں نے ضروری سمجھا کہ اس قیمتی قرآنی خدمت کو اس کی اصل شکل میں محفوظ کیا جائے۔ شاہ صاحب کے ترجمہ کی تصحیح کی جائے اور مختلف قدیم نسخوں کو سامنے رکھ کر صحیح ترجمہ مرتب کیا جائے اور اس کی اشاعت ہو (۷)
شاہ صاحب نے ۴۰ سال معتکف رہ کر یہ ترجمہ ۱۲۰۵ھ (۱۷۹۰ء) میں مکمل کیا۔ اس کی اہمیت کے بارہ میں ڈپٹی نذیر احمد صاحب کا ایک اقتباس کافی ہوگا۔ ڈپٹی صاحب نے ۱۳۱۴ھ میں قرآن کا اپنا ترجمہ کیا تھا۔ اپنے مقدمہ میں انھوں نے لکھا: ”شاہ صاحب کے ترجمہ کے بعد ہر ایک کو ترجمہ کا حوصلہ ہو گیا۔ مگر خاندان شاہ ولی اللہ کے سوا کوئی شخص مترجم ہونے کا دعویٰ نہیں کر سکتا“ شاہ صاحب نے اپنے ترجمہ میں ہندی اور سنسکرت کے الفاظ کافی استعمال کئے ہیں۔ ”اس کا مقصد صرف یہ معلوم ہوتا ہے کہ غیر مسلم طبقہ قرآن کے پیغام سے قریب ہو“ (۳۱) اس طرح شاہ صاحب کے ترجمہ کو زندہ کرنے میں دو نیتیں شامل ہوگئی ہیں۔ ایک عام مسلمانوں کو قرآن کے معانی سے واقف کرانا ، دوسرے غیر مسلم حضرات تک قرآن کے پیغام کو پہنچانا ۔
شاہ صاحب کا ترجمہ پہلی بار ۱۷۹۰ء میں شائع ہوا۔ مگر یہ ابتدائی نسخہ آج غالباً کہیں موجود نہیں ہے ۔ بعد کے ترجموں میں لوگوں نے بطور خود ترمیمات کرنی شروع کردیں اور تفسیری حواشی میں اضافے کر ڈالے ۔ اب یہ متعین کرنا ایک مشکل کام بن گیا ہے کہ شاہ صاحب کا اصل ترجمہ اور حواشی کیا تھے ۔ فاضل مصنف نے اس سلسلے میں غیر معمولی تحقیق کی ہے ، اور اس سلسلے کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی ہے ۔ فاضل مصنف نے صرف شاہ صاحب کے ترجمہ کی علمی و تاریخی تحقیق ہی نہیں کی ہے ، بلکہ اس میں خود تفسیری مسائل پر بھی قیمتی بحثیں درج ہیں ۔
فاضل مصنف نے شاہ عبدالقادر صاحب کے ترجمہ کو صحیح کر کے اس کی اشاعت کا جو منصوبہ بنایا ہے اللہ تعالیٰ اس راہ میں موصوف کی مدد کرے تاکہ یہ کام بخوبی طور پر اپنی تکمیل کو پہنچے ۔
~
امت مسلمہ کی رہنمائی حضرت عمرؓ کی تعلیمات کی روشنی میں از مولانا محمد تقی امینی ناظم دینیات مسلم یونیورسٹی ، علی گڑھ صفحات : ۱۰۴ قیمت : دو روپے مفت تقسیم کے لیے بڑی تعداد میں خریدنے والوں کے لیے ۳۳ فی صد کمیشن ۔ ایک نسخہ کے خواہش مند دو روپے بذریعہ منی آرڈر بھیج کر طلب فرمائیں ۔
ادارہ احتساب ، امینی منزل دودھ پور روڈ ، علی گڑھ
‹ Previous page Next page › Contents of July 1977 All issues