ایک لطیفہ
الرسالہ، جنوری ۱۹۷۸، صفحہ ۴۴
ایک لطیفہ
ڈاکٹر پرمودکمار نے امراض نسواں (GYNAECOLOGY) میں خصوصی ڈگری لی اور اس کے بعد لندن (آکسفورڈ اسٹریٹ) میں اپنا مطب کھولا۔ ایک روز ایک انگریز خاتون تیزی سے ان کے مطب میں داخل ہوئی۔ ”ڈاکٹر میری سمجھ میں نہیں آتا کہ میں اپنی بات کو کس طرح بیان کروں۔ “ اس نے کہا اور پھر ایک وقفہ کے بعد بولی: I THINK I HAVE A TOUCH OF THE SUN ڈاکٹر کمار نے اس جملہ کا مطلب یہ سمجھا کہ خاتون غالباً کسی کھلے مقام پر گئی تھیں اور وہاں ان کو تیز دھوپ لگ گئی ہے۔ ”آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں“ ڈاکٹر نے مریضہ کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ”آپ ٹھنڈے مشروبات، خاص طور پر لیموں برف کے ساتھ لیجئے اور آپ بہت جلد ٹھیک ہو جائیں گی، اگر جلد پر کچھ اثر محسوس ہو تو زیتون کا تیل یا کریم مل لیجئے! “ خاتون پریشان چہرہ پر مزید حیرانی کے اثرات لئے ہوئے باہر نکل گئی اور ڈاکٹر کمار یہ سوچنے لگے ”انگریز خواتین آخر اتنی معمولی معمولی باتوں کے لئے کیوں ڈاکٹر کے پاس آتی ہیں؟ “ شام کو وہ اپنی قیام گاہ پہنچے۔ وہاں مسزگلوریا، ان کی انگریز بیوی نے ان کا استقبال کیا۔ جب دونوں کھانے کی میز پر اکٹھا ہوئے تو انگریز خاتون نے دوبارہ وہی جملہ کہا جس کو وہ اپنے مطب میں ابھی سن آئے تھے: DARLING, I THINK I HAVE A TOUCH OF THE SUN ڈاکٹر کمار نے حیرانی کے ساتھ کہا ”نہیں نہیں۔ اس طرح تو میں پاگل ہو جاؤں گا۔ لندن کی خواتین ہر وقت بس سورج کی ہی بات کرتی ہیں۔ دیر تک الفاظ کے تبادلہ کے بعد گلوریا نے محسوس کیا کہ اس کا ہندوستانی شوہر اصل بات کو سمجھ نہیں رہا ہے، اس نے ہنستے ہوئے کہا "میرا مطلب یہ ہے کہ ہم جلدی تین ہونے والے ہیں " انگریزی زبان میں ایک عورت اپنے حاملہ ہونے کو درجنوں طریقے سے بتا سکتی ہے۔ مذکورہ بالا جملہ بھی اسی قسم کا ایک استعاراتی انداز ہے۔ جس کا لفظی ترجمہ ہے کہ "مجھے سورج چھو گیا ہے"
اعلان
الرساله ایک تعمیری جد و جہد بھی ہے اور ایک تاریخ بھی۔ اس کی مستقل اہمیت کی بنا پر اس کی مجلد فائل فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے ۔
فی الحال الرساله کے ابتدائی دس شمارے (نمبر۱ سے لے کر نمبر ۱۰ تک )
محدود تعداد میں عمدہ جلد میں مجلد کرائے گئے ہیں۔ جو لوگ مکمل فائل محفوظ رکھنے کا شوق رکھتے ہوں، وہ اس کو قیمتاً حاصل کر سکتے ہیں۔
ایک جلد (شمارہ نمبر ۱ - ۱۰) کی قیمت مع محصول ڈاک ۳۰ روپے ہے قیمت بذریعہ منی آرڈر بھیج کر طلب فرمائیں۔ منیجر
‹ Previous page Next page › Contents of January 1978 All issues