مذہب روس میں واپس آرہا ہے
الرسالہ، اکتوبر ۱۹۷۸، صفحہ ۱۲
مذہب روس میں واپس آرہا ہے
اشتراکی فلسفہ تاریخ کا سب سے زیادہ جارح الحادی فلسفہ تھا۔ چنانچہ اکتوبر ۱۹۱۷ء میں جب روس میں اشتراکی انقلاب آیا تو انقلابی حکمرانوں نے پوری طاقت سے مذہب کو کچلنا شروع کر دیا۔ مگر اب وہاں بھی حالات اسی طرح بدلے ہوئے نظر آتے ہیں جس طرح ترکی میں بدلے۔ آج کل روس کے بارے میں کثرت سے ایسی رپورٹیں شائع ہو رہی ہیں جن کا عنوان اس قسم کا ہوتا ہے:
God returns to the USSR خدا روس میں واپس آرہا ہے۔
لینن گراڈ میں مذہبی تاریخ کا ایک میوزیَم ہے۔ اس میوزیَم میں آپ داخل ہوں تو سب سے پہلے آپ کو دو الماریاں نظر آئیں گی جن میں سائنس اور تاریخ کی قدیم کتابیں بند ہیں۔ یہ وہ کتابیں ہیں جن کا مطالعہ کسی وقت کیتھولک چرچ نے ممنوع قرار دے دیا تھا۔ اس کا مقصد یہ دکھانا ہے کہ اگر مذہب کا اقتدار باقی رہتا تو دنیا آج علمی اعتبار سے کس قدر پیچھے ہوتی۔ اسی لئے اس میوزیَم کو ”اینٹی گاڈ میوزیَم“ کہا جاتا ہے، اگرچہ زیادہ صحیح بات یہ ہے کہ وہ اینٹی کیتھولک ہے نہ کہ حقیقتاً اینٹی گاڈ۔ روس میں، ۱۹۱۷ء کے اشتراکی انقلاب کے بعد اس طرح کی بے شمار کوششوں کے ذریعہ مذہب کو آہنی قید میں بند کر دیا گیا۔ تاہم واقعات بتا رہے ہیں کہ ایک منظم اور طاقت ور سلطنت کی ساری مخالفانہ تدبیروں کے باوجود مذہب قید خانہ سے باہر آگیا ہے اور آزادانہ طور پر ”بے خدا روس“ کی سڑکوں پر چل پھر رہا ہے۔ روس کے چرچ اور عبادت خانے دوبارہ بھب ہوئے نظر آتے ہیں۔ یہاں آنے والے صرف بوڑھے لوگ نہیں ہیں جو قدیم روایتی ماحول میں پلے تھے۔ بلکہ تعجب انگیز بات یہ ہے کہ نوجوان لڑکے اور لڑکیاں بھی کثیر تعداد میں عبادت خانوں میں جاتی ہوئی دکھائی دیتی ہیں۔ حتیٰ کہ مذہب کے عنوان پر فلمیں بھی بن رہی ہیں۔ مثلاً ایک فلم ہے جس کا نام ہے ”نوح کی کشتی“ - ایک اور فلم میں دیگر مذہبی معتقدات کے ساتھ مرے ہوئے انسان کو دوبارہ اگلی دنیا میں زندہ ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ جدید روس میں مذہب مختلف انداز سے زندہ ہورہا ہے۔ مثلاً ایک روسی دوسرے روسی سے ملاقات کے بعد کہے گا Vootis Daroviya اس کا مطلب روسی زبان میں ہوتا ہے تمھاری صحت میں برکت ہو۔ اسی طرح وہ مواقع جب کہ اپنے عجز کا اعتراف کرتے ہوئے ہم کو کہنا پڑتا ہے واللہ اعلم ۔ ایسے موقع پر روسی کہتا ہے Tolka Bog Znayete (خدا ہی کو معلوم ہے)۔ خدا کا لفظ روسیوں کی عام بول چال میں کثرت سے استعمال ہونے لگا ہے۔ مسلمان عام طور پر اللہ کا لفظ بولتے ہیں۔ یہودی، عیسائی اور مسلمان کھلے طور پر عبادت کرتے ہوئے دیکھے جاتے ہیں۔ ٹالسٹائی، مہاتما گاندھی اور دوسرے مذہبی مصنفین کی کتابیں اور ان کے ترجمے کثرت سے روس میں چھپ رہے ہیں۔ حتیٰ کہ ”یوگا“ بھی روسیوں میں مقبول ہورہا ہے۔
روس میں خدا کی واپسی ایک عام آدمی کے لئے صرف ایک معنی رکھتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ خدا انسان کی فطرت میں شامل ہے۔ جس طرح فطرت کے دوسرے تقاضوں کو ختم نہیں کیا جاسکتا، اسی طرح خدا
‹ Previous page Next page › Contents of October 1978 All issues