شہادتِ حسین: ایک مطالعہ
الرسالہ، فروری ۱۹۷۸، صفحہ ۱۷
شہادتِ حسین: ایک مطالعہ
حسن اور حسین، اسلامی تاریخ میں، دو مختلف قسم کے طریقِ کار کی علامت ہیں۔ حسین، سیاسی طریقِ کار کی علامت ہیں اور حسن غیر سیاسی طریقِ کار کی۔ امام حسین نے وقت کے مسلم حکمران سے ٹکرا کر جس سیاسی مقصد کو حاصل کرنا چاہا، اسی مقصد کو امام حسن نے ٹکراؤ کے میدان سے واپسی کے ذریعہ حاصل کیا۔ اگر چہ امام حسین کا کردار اتنا مشہور ہوا کہ ہر آدمی اس سے واقف ہو گیا۔ جب کہ امام حسن کے کردار سے، اس کی ساری عظمتوں کے باوجود، بہت کم لوگ واقف ہیں۔ اور اس سے بھی کم وہ لوگ ہیں جو اس عظیم کردار کی اہمیت کو سمجھتے ہوں۔ امام حسین بن علی (۴۱۔ ۶۱ھ) کی چھاپ بعد کی اسلامی تاریخ پر اتنی زیادہ ہے کہ آنجناب، کم از کم عملاً، اسلامی تاریخ کی سب سے بڑی علامت بن گئے ہیں۔ مسلمان ہر سال جس دھوم سے "۱۰ محرم" کی یادگار مناتے ہیں کسی بھی دوسرے دن کی یادگار اس طرح نہیں مناتے حتیٰ کہ شاید " شاید’’12 ربیع الاول" کی بھی نہیں۔ عام خیال کے مطابق اسلام کی روح یہ ہے کہ آدمی ناحق کے آگے سر نہ جھکائے۔ خواہ اس راہ میں لڑ کر اس کو اپنی جان دے دینی پڑے ۔ اسی کا نام، لوگوں کے نزدیک، شہادت ہے۔ یہ شہادت اپنی اعلیٰ ترین شکل میں امام حسین کی زندگی میں تمثّل ہوئی ہے۔ آپ کے ساتھ ، عام روایت کے مطابق، کل ۷۲ آدمی تھے۔ دوسری طرف آپ کے مقابلہ کے لئے چھ ہزار کا لشکر پورے ساز و سامان کے ساتھ موجود تھا۔ مگر آپ ظالم حکمران کے آگے نہیں جھکے اور لڑ کر اپنی جان دے دی: سردار مگر نداد دست در دست یزید عجیب بات ہے کہ اسلامی تاریخ کی یہ سب سے زیادہ مشہور بات نہ اسلام کے مطابق ہے اور نہ خود تاریخی واقعات کے مطابق۔ اسلام اور تاریخ دونوں اس تصویر کو ماننے سے انکار کرتے ہیں۔
واقعات کیا کہتے ہیں
اب دیکھئے کہ اصل تاریخی تصویر کیا ہے۔ مکہ میں قبیلہ قریش (بنو عبد مناف) کی دو بڑی شاخیں تھیں۔ ایک بنو ہاشم۔ دوسرے بنو امیہ۔ ان دونوں میں قدیم زمانہ سے خاندانی رقابت چلی آ رہی تھی۔ بنو ہاشم میں پیغمبر پیدا ہوئے تو ہاشمیوں میں تو صرف ایک شخص (عبد العزیٰ) آپ کا دشمن بنا۔ مگر اموی گھرانے کے لوگ عام طور پر آپ کے مخالف ہو گئے۔ تا ہم ان کی مخالفت کامیاب نہ ہو سکی۔ فتح مکہ ( ۸ھ) کے بعد، عرب کے دوسرے قبائل کی طرح، بنو امیہ بھی اسلام میں داخل ہو گئے۔ عہد رسالت اور بعد کو خلافت راشدہ کے زمانہ میں ان کے لائق افراد نے مختلف اسلامی عہدے حاصل کئے ۔ خلیفہ سوم عثمان بن عفان جو کہ اموی خاندان سے تعلق رکھتے تھے، ان کے زمانہ (۳۵۔ ۲۴ھ) میں بنو امیہ کا اثر و رسوخ کافی بڑھ گیا۔ اس کے بعد جب علی بن ابی طالب کا انتخاب ہوا، جو پہلے ہاشمی خلیفہ تھے، تو بنو امیہ کی رقابت
‹ Previous page Next page › Contents of February 1978 All issues