الفاظ پالینا کافی نہیں
الرسالہ، نومبر ۱۹۷۹، صفحہ ۱۱
الفاظ پالینا کافی نہیں
چند دوست کسی جنگل میں ٹہل رہے تھے۔ اتنے میں ایک تیتر کی آواز آئی جو اپنی مخصوص بولی نکال رہا تھا۔ ان میں ایک مولوی صاحب تھے، فوراً کہنے لگے، دیکھو، تیتر آواز لگا رہا ہے : " سبحان تیری قدرت، یہ صوفی بولا نہیں " وہ کہہ رہا ہے : " ورفعنا لک ذکرک " پنڈت نے کہا نہیں۔ وہ تو صاف کہہ رہا ہے : " سیتارام دسرت" پہلوان بولا ، تم لوگ نہیں سمجھتے۔ وہ کہہ رہا ہے : " کھا گھی کر کسرٹ " قصائی نے کہا نہیں، وہ کہہ رہا ہے : " سر پائے ڈھک کا " کنجڑے نے کہا، تم میں سے کوئی نہیں سمجھا۔ وہ تو کہہ رہا ہے : " لہسن پیاز ادرک " یہ لطیفہ بتاتا ہے کہ آدمی اگر کسی بات کو بیان کرنے کے لئے خوبصورت الفاظ پالے تو اس کو اس دھوکہ میں نہ پڑنا چاہئے کہ اس نے لازمی طور پر حق کو بھی پالیا ہے۔ عین ممکن ہے کہ اس نے جو کچھ کہا وہ محض الفاظ کا مجموعہ ہو، حقیقتِ واقعہ سے اس کا کوئی تعلق نہ ہو۔
جنت کے باشندے کون ہوں گے
قرآن کے مطابق، جنت کی فضا الحمد للہ رب العالمین کے کلمات سے معمور ہوگی۔ یعنی جنت کی دنیا وہ آئیڈیل دنیا ہے جہاں صرف اللہ کی بڑائی کے چرچے ہوں گے۔ قرآن میں بتایا گیا ہے کہ جنت میں ہر طرف " سلام سلام " کا ماحول ہوگا۔ یعنی جنت میں جو لوگ آباد کئے جائیں گے ان کا حال یہ ہوگا کہ ایک انسان کے دل میں دوسرے انسان کے لئے سلامتی کے سوا اور کچھ نہ ہوگا۔ پھر جنت میں وہ روح کیونکر داخلہ پائے گی جس کے اندر حمد الہی کے نغمے نہ جاگے ہوں۔ وہاں وہ شخص کس طرح بسایا جائے گا جس کے دل میں انسان کے لئے سلامتی کے چشمے نہ پھوٹے ہوں۔
ایک تاثر
ہر آدمی اپنے سینہ میں ایک بت لئے ہوئے ہے۔ یہ وہ چھپی ہوئی وفاداریاں ہیں جو اللہ کے بالمقابل لوگوں نے قائم کرلی ہیں۔ آدمی اسی وقت تک شریف اور معقول ہے جب تک اس کی چھپی ہوئی شیفتگیوں اور وفاداریوں پر زد نہ پڑے۔ جہاں اس کے اس چھپے ہوئے بت پر زد پڑی وہ فوراً بھڑک اٹھتا ہے۔ اس وقت وہ اپنے ناقد کے خلاف ہر اس ناانصافی کو جائز ٹھہرا لیتا ہے جو اس کے خدا نے اس کے لئے حرام قرار دیا تھا شکایت اور برہمی کے وقت انصاف پر قائم رہنا تقویٰ کی واحد یقینی پہچان ہے۔ مگر یہی وہ کسوٹی ہے جس پر کوئی پورا اتر تا ہوا نظر نہیں آتا۔ لوگوں نے حق پرستی کے اپنے اپنے معیار بنا رکھے ہیں اور اپنے آپ کی اس خود ساختہ معیار کے مطابق پاک مطمئن ہیں کہ وہ ضرور خدا کے یہاں حق پرست قرار پائیں گے۔
‹ Previous page Next page › Contents of November 1979 All issues