قرآن فہمی
الرسالہ، جون ۱۹۸۱، صفحہ ۴۵
غیر ضروری شرائط ہیں۔ ان کا غیر متعلق ہونا اس سے واضح ہے کہ ان میں سے اکثر علم وہ ہیں جن سے صحابہ بالکل نا واقف تھے، وہ بعد کے دور میں بنائے گئے ۔
حقیقت یہ ہے کہ قرآن فہمی کے لئے صرف دو چیزوں کی ضرورت ہے۔ ایک ایمان، دوسرے عربی زبان۔ اگر آدمی کوفی الواقع ایمانی شعور حاصل ہو اور وہ عربی زبان سے بخوبی واقف ہو تو یقیناً اللہ کی مدد سے وہ کلام الہیٰ کو سمجھ لے گا واضح ہو کہ ایمان میں ایمان بالرسالت اور احادیث سے کما حقہ آشنا ہونا بھی لازماً شامل ہے ۔ ایمان محض کلمہ کے الفاظ کو دہرانا یں ہے۔ ایمان در اصل فطرة اللہ کو پالینے کا نام ہے، وہ فطرت جس پر سارے انسانوں کو پیدا کیا گیا ہے نہ ایمان محض شعور کے طور پر آدمی کو خالق اور مخلوق کے تمام رموز سے آشنا کر دیتا ہے۔ اس کے بعد اگر وہ عربی زبان جانتا ہو اور قرآن کو پڑھے تو وہ اپنے آپ کو ملہم کے مقام پر کھڑا ہوا پاتا ہے۔ اس کو محسوس ہونے لگتا ہے گویا کہ خدا براہ راست اس سے مخاطب ہو گیا ہے۔ اس مقام کو پہنچنے کے بعد انسانی ساخت کے دوسرے علوم قرآن اور بندہ کے درمیان ایک قسم کی رکاوٹ بن جاتے ہیں، کجا کہ وہ قرآن کے معانی کو آدمی کے اوپر کھولنے کا ذریعہ بنیں ۔
قرآن میں ارشاد ہوا ہے کہ : اور جب میرے بندے میرے متعلق پوچھیں تو بتا دو کہ میں ان سے قریب ہوں۔ پکارنے والا جب مجھے پکارتا ہے تو میں اس کی پکار کا جواب دیتا ہوں ۔ پس انہیں چاہئے کہ میری پکار پر لبیک کہیں اور مجھ پر ایمان رکھیں ۔ شاید کہ وہ راہ راست پالیں (بقرہ ۱۸۶) یہ خدا جو ہر وقت ہمارے پاس ہوتا ہے یہی قرآن کا مصنف بھی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ قرآن ایک ایسی کتاب ہے جس کا طالب علم ہر وقت اس کے مصنف سے اپنی مشکلات کے بارے میں پوچھ سکتا ہے۔ یہ قرآن کی ایک ایسی انوکھی صفت ہے جو کسی بھی دوسری کتاب کو حاصل نہیں ۔
امام ابن تیمیہ ایک انتہائی متبحر عالم تھے ۔ ان کا معمول تھا کہ جب قرآن کی کسی آیت کا مضمون ان پر نہ کھلتا تو وہ کسی سنسان مسجد میں چلے جاتے۔ وہاں وضو کر کے نماز پڑھتے اور سجدہ میں گر کر دعا کرتے : یا معلم ابراہیم علمنی (اے ابراہیم کو بتانے والے مجھے بھی بتا دے) اس طرح کے واقعات دوسرے علماء کے بارے میں بھی مختلف شکلوں میں کتابوں میں آئے ہیں۔
کسی کتاب کو سمجھنے کی سب سے اہم شرط یہ ہوتی ہے کہ پڑھنے والے کا مزاج مصنف کے مزاج سے مل جائے۔ مزاج میں جتنی زیادہ دوری ہوگی، کتاب کو سمجھنے میں اتنی ہی مشکل پیش آئے گی۔ یہی معاملہ قرآن کا بھی ہے۔ قرآن سمجھنے کے لئے سب سے زیادہ ضروری شرط یہ ہے کہ آدمی اس حد تک اپنے کو خالص کرے کہ اس کا فکر خداوندی فکر سے ہم آہنگ ہو جائے ۔ یہ ہم آہنگی آدمی کو جتنا زیادہ حاصل ہوگی اتناہی زیادہ خدا کی کتاب کو سمجھنے میں کامیاب ہوگا۔ قرآن کو پانے والا وہ ہے جو خود خدا کو پالے۔ خدا کو پائے بغیر کوئی شخص قرآن کو نہیں پاسکتا۔ جو شخص اپنے آپ کو خدا میں ملا دیتا ہے خدا اس کا معلم بن جاتا ہے جس سے وہ سوال کرے اور اپنے سوال کا جواب پائے ۔
‹ Previous page Next page › Contents of June 1981 All issues