Al-Risala · September 1981 · page 5

کائنات مشین نہیں

الرسالہ، ستمبر ۱۹۸۱، صفحہ ۵

کائنات مشین نہیں

موجودہ زمانہ میں مشینی انسان بنائے گئے ہیں جن کو عام طور پر روبوٹ (Robot) کہا جاتا ہے۔ روبوٹ بظاہر بالکل آدمی کی شکل کا ہوتا ہے ۔ وہ چلتا ہے، وہ بولتا ہے، وہ کام کرتا ہے۔ مگر حقیقتاً وہ ایک مشین ہوتا ہے نہ کہ کوئی شعور ۔ وہ اسی طرح میکانکی انداز میں عمل کرتا ہے جیسے انسان کی بنائی ہوئی دوسری تمام مشینیں ۔

لندن کے ایک دفتر میں ایک روبوٹ رکھا گیا تاکہ وہ چپراسی (Office Boy) کے طور پر کام کر سکے۔ یہ روبوٹ جب تیار ہو کر دفتر میں آیا تو دفتر کی خاتون سکریٹری مس جینی سیف (Jennie Seff) نے اس کو آزمائشی حرکت (Trial Run) دینا چاہا۔ وہ روبوٹ کی بیٹری جانچ رہی تھیں کہ روبوٹ حرکت میں آگیا ۔ وہ سکریٹری کے پیچھے چلنے لگا۔ اب یہ صورت ہوئی کہ خاتون سکریٹری آگے آگے بھاگ رہی ہیں اور آہنی مشین ان کو پیچھے سے دوڑارہی ہے۔ روبوٹ اس طرح چل رہا تھا گویا اس نے کنٹرول قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اس بھاگ دوڑ میں ایک نیا ٹائپ رائٹر ٹکرا کر زمین پر گر پڑا اور ٹوٹ گیا۔ بالآخر بڑی مشکل سے روبوٹ کو قابو میں لایا گیا (ہندوستان ٹائمس ۳۰ جون ۱۹۸۱)

موجودہ زمانہ میں جو لوگ خدا کو نہیں مانتے ان کا کہنا ہے کہ کائنات اس کے سوا کچھ نہیں کہ وہ بہت بڑی مشین ہے۔ وہ بس اسی طرح چل رہی ہے جس طرح کوئی " روبوٹ " میکانکی طور پر چلتا ہے۔ مگر کائنات کا کھرب ہا کھرب سال سے انتہائی منظم طور پر یکساں حالت میں چلنا اس مفروضہ کی تردید کر رہا ہے ۔ اگر کائنات محض ایک میکانکی مشین ہوتی جیسے روبوٹ، تو یقیناً اس میں بار بار اسی قسم کے ٹکراؤ ہوتے جیسا کہ لندن کے آفس میں مذکورہ بالا واقعہ کی صورت میں ہوا۔

قرآن میں ارشاد ہوا ہے؛ اور سورج اپنے ایک معین مدار پر گردش کرتا ہے ۔ یہ زبردست علیم ہستی کا مقرر کیا ہوا اندازہ ہے۔ اور چاند کے لئے ہم نے منزلیں ٹھہرادی ہیں۔ یہاں تک کہ وہ پھر کھجور کی سوکھی شاخ کی مانند رہ جاتا ہے۔ نہ سورج کے بس میں ہے کہ وہ چاند کو جا پکڑے اور نہ رات دن پر سبقت کر سکتی۔ ہر ایک اپنے خاص دائرہ میں گردش کرتے ہیں (یس ۳۰ - ۳۸) قرآن کا یہ بیان موجودہ زمانہ میں ایک ثابت شدہ انسانی مشاہدہ بن چکا ہے اور یہی واقعہ اس بات کے ثبوت کے لئے کافی ہے کہ یہاں ایک باشعور ہستی ہے جو کائنات کو کنٹرول کر رہی ہے۔ اس کے بغیر کائنات کے اندر یہ تنظیم اور یہ باقاعدگی اتنی کامل صورت میں ممکن نہ ہوتی ۔

‹ Previous page Next page › Contents of September 1981 All issues

Printed page