طاقت کا راز
الرسالہ، اکتوبر ۱۹۸۱، صفحہ ۷
طاقت کا راز
عالمی سطح کے کھلاڑی اکثر یکساں جسمانی قوت کے مالک ہوتے ہیں۔ ان کو تربیت بھی یکساں معیار کی ملتی ہے ۔ پھر ان میں ہار جیت کا سبب کیا ہوتا ہے۔ جو شخص جیتتا ہے وہ کیوں جیتتا ہے اور جو ہارتا ہے وہ کس بنا پر ہارتا ہے ۔ یہ سوال پچھلے تین سال سے امریکہ کے سائنس دانوں کی ایک جماعت کے لیے تحقیق کا موضوع بنا ہوا تھا ، اب انھوں نے تین سال کے بعد اپنی تحقیق کے نتائج شائع کئے ہیں ۔
ان سائنس دانوں نے عالمی سطح کے بہترین کشتی لڑنے والوں (Wrestlers) پر تجربات کئے۔ انھوں نے ان کی عضلاتی طاقت اور ان کی نفسیات کا بغور مشاہدہ کیا۔ انھوں نے پایا کہ عالمی مقابلوں میں جیتنے والے پہلوانوں اور ہارنے والے پہلوانوں میں ایک خاص فرق ہوتا ہے ۔ مگر یہ فرق جسمانی نہیں بلکہ تمام تر نفسیاتی ہے۔ یہ دراصل پہلوان کی ذہنی حالت (State of Mind) ہے جو اس کے لئے ہار یا جیت کا فیصلہ کرتی ہے۔ ماہرین نے پایا کہ ہارنے والے کے مقابلہ میں جیتنے والا زیادہ با اصول اور قابو یافتہ شخص (Conscientious and and in Control) ہوتا ہے ۔ ان کی رپورٹ کا خلاصہ حسب ذیل ہے:
Losers tended to be more depressed and confused before competing, while the winners were positive and relaxed تجربہ میں پایا گیا کہ ہارنے والے کھلاڑی مقابلہ سے پہلے ہی بددل اور پریشان تھے، جب کہ جیتنے والے پر اعتماد اور مطمئن تھے (ٹائمس آف انڈیا ۲۶ جولائی ۱۹۸۱)
یہی بات زندگی کے وسیع تر مقابلہ کے لئے بھی درست ہے۔ زندگی کے میدان میں جب دو آدمیوں یا دو گروہوں کا مقابلہ ہوتا ہے تو کامیاب ہونے یا نہ ہونے میں اصل فیصلہ کن چیز یہ نہیں ہوتی کہ کس کے پاس مادی طاقت یا ظاہری ساز وسامان زیادہ ہے اور کس کے پاس کم ۔ بلکہ اصل فیصلہ کن چیز قلب اور دماغ کی حالت ہوتی ہے، جس کے اندر قلبی اور ذہنی اوصاف زیادہ ہوتے ہیں وہ کامیاب ہوتا ہے اور جس کے اندر یہ اوصاف کم ہوتے ہیں وہی نا کام ہو جاتا ہے خواہ اس کے پاس ظاہری اسباب کی کثرت کتنی ہی زیادہ کیوں نہ ہو۔
مقصد کی صحت کا یقین، تضاد فکری سے خالی ہونا، نظم وضبط کو کبھی نہ چھوڑنا، ہیجان خیز لمحات میں بھی ٹھنڈے دماغ سے فیصلہ کرنے کی صلاحیت، جذبات پر پوری طرح قابو رکھنا، ہمیشہ سوچے سمجھے اقدام کے تحت عمل کرنا ، یہ تمام قلب و دماغ سے تعلق رکھنے والی چیزیں ہیں اور یہی وہ چیزیں ہیں جو زندگی کے معرکہ میں ہمیشہ فیصلہ کن ہوتی ہیں۔
‹ Previous page Next page › Contents of October 1981 All issues