انتشار سے اتحاد تک
الرسالہ، نومبر ۱۹۸۱، صفحہ ۲۳
انتشار سے اتحاد تک
میرے سامنے دور تک پھیلا ہوا میدان تھا۔ اونچا نیچا میدان۔ اس میدان میں گڈریہ کی بھیڑ بکریاں بہت بڑی تعداد میں بکھری ہوئی تھیں۔ کوئی کھلی جگہ پر تھی، کوئی جھاڑی میں گھسی ہوئی تھی کوئی گہرائی میں اتر گئی تھی، کوئی درخت کے نیچے کھڑی تھی۔ غرض بھیڑ بکریوں کی بہت بڑی تعداد تھی۔ مگر سب منتشر۔ ہر ایک کا رخ الگ تھا۔ ہر ایک کی سرگر میاں جدا تھیں۔
یہ منظر دیکھ کر میں کھڑا ہو گیا ”جو حالت ان بھیڑوں کی ہے وہی حالت اس وقت ہماری ملت کی ہے“ میں نے سوچا کروڑوں کی تعداد رکھنے والی ایک قوم بالکل انتشار کی حالت میں پڑی ہوئی ہے۔ ہر ایک اپنی پسند کے رخ پر بھاگا جا رہا ہے۔ لوگوں کی سمت سفر یکساں نہیں۔ ان کے درمیان ایسی منصوبہ بندی نہیں کہ ہر ایک کی جد و جہد بالاخر پوری ملت کے لئے مفید بن سکے۔ ان کے درمیان مقصد کا وہ اشتراک نہیں جو مختلف افراد کو ایک رشتہ میں پرو دیتا ہے۔ ان کے افراد بکھرے ہوئے ہیں۔ ان کی قوت ضائع ہو رہی ہے۔ ان کو اپنا شعور نہیں۔ ۔ ۔
میں بھیڑ بکریوں کا منظر دیکھتا رہا اور سوچتا رہا۔ یہاں تک کہ شام ہونے لگی۔ اب گڈریہ کی واپسی کا وقت ہو گیا۔ اس نے آواز لگائی اور اس کی آواز سن کر تمام بھیڑیں اپنے اپنے مقامات سے نکل کر اس کی سمت میں چل پڑیں۔ گڈریہ نے اپنے دو لڑکوں کی مدد سے گلہ کو سمیٹا اور ان کو لے کر اپنے گھر کی طرف روانہ ہو گیا۔
اب میرے سامنے دوسرا منظر تھا۔ منتشر بھیڑیں ایک ریوڑ کی شکل اختیار کر گئی تھیں۔ اب وہ سب کی سب ایک گڈریہ کے ساتھ جمع تھیں۔ سب ایک سمت میں چل رہی تھیں۔ سب اکھٹا تھیں مگر ان میں کوئی ٹکراؤ نہیں تھا۔ سب شانہ سے شانہ ملا کر چلی جارہی تھیں۔ ان کا مقصد متعین تھا۔ ان کی منزل معلوم تھی۔ ان کو جانا تھا اور چلے جانا تھا۔ یہاں تک کہ وہ اپنے معلوم مقام پر پہنچ جائیں۔
اب میرے دل میں خیالات کا نیا طوفان امنڈنے لگا۔ بھیڑ بکریوں کے " انتشار" کو " اجتماع" بنتے دیکھ کر میں نے سوچا : " کیا ہماری ملت کا منتشر انبوه بھی کسی دن ریوڑ بنے گا۔ کیا ہم بھی ایک جھنڈے کے نیچے جمع ہوں گے۔ کیا ہم بھی شانہ بشانہ مل کر چلیں گے۔ کیا ہمیں بھی اپنے مشترک مقصد کا شعور حاصل ہوگا۔ کیا ہمارا بھی رخ متعین ہوگا۔ کیا ہمارا قافلہ بھی منزل کی طرف چل پڑے گا۔ بھیڑ بکریوں کے لئے تو لمحہ چند گھنٹوں کے بعد آگیا۔ ہمارے لئے یہ لمحہ کب آئے گا ۔ ۔ ۔
‹ Previous page Next page › Contents of November 1981 All issues