تھوڑا وقت زیادہ کام
الرسالہ، دسمبر ۱۹۸۱، صفحہ ۱۵
تھوڑا وقت زیادہ کام
سر سید احمد خاں (۱۸۹۸ - ۱۸۱۷) نے ایک بار اپنی تقریر میں کہا: وقت کم ہے اور کام بہت۔ نہ تجھ میں یہ قوت ہے کہ سورج کو ٹھہرا کر دن کو بڑھا دوں، نہ یہ طاقت کہ سورج کو نکلنے سے باز رکھ کر رات کو وسعت دے دوں۔ اگر ایک طرف ایک کام پر متوجہ ہو جاتا ہوں تو اور بہت سے ضروری کام رہ جاتے ہیں (لیکچروں کا مجموعہ مرتبہ منشی سراج الدین، ۱۸۹۰ ، صفحہ ۲۴۲)
سر سید نے جو بات اپنے لئے کہی وہی بات ہر ایک کے لئے صحیح ہے۔ ہر انسان اس مسئلہ سے دوچار ہے کہ اس کی زندگی بہت مختصر ہے۔ مگر اس کی ذمہ داریاں اتنی زیادہ ہیں کہ ان کی کوئی حد نہیں۔ آدمی کو تھوڑے سے وقت میں بہت زیادہ کام کرنا ہے۔ آدمی اگر اس حقیقت کو جان لے تو وہ اپنے اوقات کے معاملہ میں بے حد سنجیدہ ہو جائے، نہ صرف غیر ضروری بلکہ کم ضروری کاموں سے بھی دور رہ کر وہ صرف انتہائی ضروری کاموں میں مشغول رہے۔
پھر اگر اس معاملہ کو آخرت تک لے جائیے تو معاملہ اور زیادہ نازک ہو جاتا ہے۔ آخرت ایک ابدی جگہ ہے وہاں آدمی کو ہمیشہہ ہمیش تک رہنا ہے۔ مگر آخرت کے لئے کام کرنے کا موقع آدمی کو صرف اس محدود مدت تک ملتا ہے جب کہ وہ موجودہ دنیا میں رہ رہا ہے۔ اس دنیا سے اٹھتے ہی آخرت کے لئے عمل کرنے کا موقع ختم ہو جائے گا۔ موجودہ دنیا میں آدمی کی عمر کتنی کم ہوتی ہے اور اس کا انجام اس کو کتنی زیادہ لمبی مدت تک بھگتنا ہے، آدمی کو اگر واقعی معنوں میں اس کا احساس ہو جائے تو وہ اتنا زیادہ محتاط اور سنجیدہ ہو جائے کہ اپنے اوقات کا ایک لمحہ ضائع کرنا بھی اس کو ایسا معلوم ہو کہ جیسے اس نے اپنا سب کچھ کھو دیا۔
ایک مزدور کے پاس صرف اتنا پیسہ ہو جس سے وہ اپنی دو وقت کی روٹی کا انتظام کر سکے تو وہ اس پیسہ کو محفل رقص کا ٹکٹ خریدنے میں ضائع نہیں کرے گا۔ کسی پیدل مسافر کے پاس اگر اتنا ہی وقت ہو کہ وہ رات کے اندھیرے سے پہلے اپنے گھر پہنچ جائے تو وہ راستہ کی تفریح میں مشغول ہو کر یہ خطرہ مول نہیں لے گا کہ رات کا اندھیرا چھا جائے اور وہ اپنے گھر نہ پہنچ سکے۔ مگر آدمی جس بات کو اپنی دنیا کے معاملہ میں بخوبی جانتا ہے اسی کو وہ آخرت کے معاملہ میں بالکل بھول جاتا ہے۔ آدمی کے پاس آخرت کے عمل کے لئے تھوڑا وقت اور بہت معمولی اثاثہ ہے۔ مگر ہر ایک اس کو وقتی تماشوں میں اس طرح ضائع کر رہا ہے جیسے اسے آخرت کی کوئی خبر ہی نہیں۔
‹ Previous page Next page › Contents of December 1981 All issues