مزاج کی اہمیت
الرسالہ، دسمبر ۱۹۸۱، صفحہ ۱۴
مزاج کی اہمیت
ٹویوٹا موٹر کمپنی جاپان کی ایک کار بنانے والی کمپنی ہے۔ پچھلے تقریباً ۳۰ سال میں کام کا ایک دن ضائع کئے بغیر اس نے اپنا پیداواری عمل جاری رکھا ہے۔ یہ صرف ایک مثال ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ جاپان میں صنعتی ترقی کی اتنی تیز رفتاری کی وجہ کیا ہے۔ امریکہ کی جنرل موٹرز کارپوریشن اور فورڈ موٹر کمپنی دنیا کی سب سے بڑی موٹرساز کمپنیاں سمجھی جاتی ہیں۔ مگر امریکہ کی ان کمپنیوں میں سالانہ پیداوار کا اوسط فی مزدور گیارہ کاریں ہیں۔ جب کہ جاپان کی مذکورہ موٹر کمپنی میں سالانہ پیداوار کا اوسط فی مزدور ۳۳ کاریں ہیں۔
جاپان کی اس غیر معمولی صنعتی ترقی کا راز اس کے مزدور ہیں۔ جاپانی مزدور کا تعمیری مزاج جاپان کی سب سے بڑی دولت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جاپان میں اگر چہ کوئلہ، لوہا، پٹرول اور دوسری دھاتیں یا تو بالکل پیدا نہیں ہوتیں یا بہت کم پیدا ہوتی ہیں اس کے باوجود جاپان کی صنعتی ترقی کی رفتار دنیا میں سب سے زیاوہ ہے۔ جاپانی مزدور کے مزاج میں وہ کون سی بات ہے جو جاپان کے لئے سب سے بڑی دولت بن گئی ہے۔ ایک مصر کے الفاظ میں وہ حسب ذیل ہے :
A national spirit of compromise and co-operation and a willingness to endure short-term setbacks for the long-term good of the nation, company or a family. جاپانیوں کی یہ قومی سیرت کہ وہ ہمیشہ مصالحت اور تعاون کے لئے تیار رہتے ہیں۔ قوم یا کمپنی یا خاندان کے وسیع تر مفاد کی خاطر دہ وقتی نقصان کو سہنے کے لئے راضی ہو جاتے ہیں۔ (ہندوستان ٹائمس ۲۵ اگست ۱۹۸۱)
کسی قوم کی تعمیر میں سب سے اہم چیز اس کے افراد کا مزاج ہے۔ افراد کا مزاج اگر بگڑا ہوا ہے تو قوم کو تباہ ہونے سے کوئی چیز نہیں بچا سکتی اور اگر افراد کا مزاج درست ہے تو ایسی قوم ضرور کامیاب ہو کر رہتی ہے خواہ اس کے دشمنوں کی تعداد کتنی ہی زیادہ کیوں نہ ہو۔
قوم کی تعمیر میں افراد کا درجہ وہی ہے جو کسی عمارت میں اینٹوں کا ہے۔ کچی اینٹوں سے بنی ہوئی عمارت ایک بے اعتبار عمارت ہوتی ہے۔ کوئی بھی حادثہ اسے گرا سکتا ہے۔ اس کے برعکس جو عمارت پختہ اینٹوں سے بنی ہوئی ہو اس پر پورا بھروسہ کیا جا سکتا ہے۔ وہ سیلاب اور طوفان کے علی الرغم زمین پر کھڑی رہتی ہے۔ ہر آندھی جو آتی ہے وہ اس سے ٹکرا کر واپس چلی جاتی ہے، وہ اس کا کچھ بگاڑنے میں کامیاب نہیں ہوتی۔
‹ Previous page Next page › Contents of December 1981 All issues