اصلاح کا طریقہ
الرسالہ، مارچ ۱۹۸۳، صفحہ ۳
اصلاح کا طریقہ
ایک ہے برائی کو برا سمجھنا اور ایک ہے برے آدمی کو برا سمجھنا۔ دونوں میں ظاہری الفاظ کے اعتبار سے معمولی فرق نظر آتا ہے۔ مگر حقیقت کے اعتبار سے دونوں میں اتنا فرق ہے کہ ایک اسلام بن جاتا ہے اور دوسرا غیر اسلام۔ ایک خدا سے ڈرنے والا طریقہ ہے اور دوسرا طریقہ ان لوگوں کا ہے جو خدا سے بے خون ہو چکے ہوں۔
قرآن میں ہے کہ شیطان انسان کا دشمن ہے (ان الشيطان للانسان عدو مبين ، يوسف ۱۲) دوسری طرف فرمایا کہ آخرت کے عذاب سے وہ لوگ محفوظ رہیں گے جو لوگوں کو برائی سے روکتے تھے (انجینا الذين ينهون عن السوء ، الاعراف - ۱۶۵)
اس سے معلوم ہوا کہ کسی آدمی کو نشانہ بنا کر اس کے خلاف مہم چلانا شیطانی فعل ہے۔ اس کے برعکس آدمی اگر برائی کو نشانہ بنائے اور برائی کو نہ کہ برے آدمی کو مٹانے کی کوشش کرے تو یہ فعل خدا کو اتنا پسند ہے کہ اس کی وجہ سے وہ آدمی کو آخرت میں بخش دے گا اور اس کو جنت کے باغوں میں داخل کرے گا۔ آج اگر مسلم معاشرہ کو دیکھئے تو ہر جگہ آپ کو یہ منظر دکھائی دے گا کہ لوگ برائی کو مٹانے کے نام پر ایک یا زیادہ آدمیوں کو مٹانے پر تلے ہوئے ہیں۔ کوئی خاندان ہو یا کوئی محلہ، کوئی قوم ہو یا کوئی ملک ہر جگہ کچھ افراد لوگوں کی مخالفانہ کارروائیوں کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ لوگ برائی کے نام پر کسی شخص خاص کو مٹانے کے لئے اپنی ساری توجہ لگائے ہوئے ہیں۔
اگر برائی کو مٹانے کا ذہن ہو تو آدمی کو برائی سے دشمنی ہوتی ہے نہ کہ کسی شخص خاص سے جس کو برا مشہور کر دیا گیا ہو۔ اگر کسی آدمی میں برائی پائی جائے تو ایسا آدمی صرف معلوم برائی کی حد تک اس کو برا سمجھتا ہے۔ جب کہ دوسرے ذہن کے لوگ ایک برائی کی بنا پر اس کی پوری شخصیت ہی کو قابلِ نفرت سمجھنے لگتے ہیں۔ برائی کو برا سمجھنے والوں کا مزاج یہ ہوتا ہے کہ اگر برا آدمی اپنی اصلاح کر لے تو اس کے بعد وہ ان کا دوست بن جاتا ہے۔ جبکہ دوسری قسم کے لوگوں کو اس کی اصلاح سے کوئی دل چسپی نہیں ہوتی۔ وہ اس کی ذات کے دشمن بن جاتے ہیں اور اس وقت تک مطمئن نہیں ہوتے جب تک اس کو ہلاک نہ کر لیں، اسی طرح برائی کو برا سمجھنے والا اپنے اور غیر میں فرق نہیں کرتا۔ مگر جو شخص برے فرد کو نشانہ بنانے کا مزاج رکھتا ہو وہ اپنے حلقہ کے آدمی کو ایک نظر سے دیکھے گا اور دوسرے حلقہ کے آدمی کو دوسری نظر سے۔ برائی کے خلاف اٹھنے والا آدمی عین اس وقت بھی برے آدمی کے لئے دعائیں کر رہا ہوتا ہے جب کہ وہ اس کی برائی کو مٹانے کی کوشش کر رہا ہو۔
‹ Previous page Next page › Contents of March 1983 All issues