اللہ کی یاد تمام اعمال کا خلاصہ ہے
الرسالہ، مارچ ۱۹۸۳، صفحہ ۳۹
ایک سفر
وسط افریقہ میں ایک ملک ہے جس کا نام روانڈا ہے۔ اس کے دارالسلطنت کا نام کیگالی (Kigali) ہے۔ یہاں پہاڑوں کے خوبصورت ماحول میں کھلی فضا کے اندر ایک اسلامی مرکز قائم ہے۔ ۱۹۸۱ میں مجھے یہاں لکچر دینے کے لئے بلایا گیا میرے اور میرے ساتھی کے لئے دو ہوائی ٹکٹ بھی آچکے تھے۔ مگر آخر وقت میں بعض وجوہ سے سفر ملتوی کر دینا پڑا۔ اس موقع کے لئے جو لکچر ترتیب دیئے گئے تھے ان کا اردو ایڈیشن ”احیار اسلام“ کے نام سے کتاب کی صورت میں شائع ہو چکا ہے۔
اگست ۱۹۸۲ میں عالمی مؤتمر میں شرکت کے لئے طرابلس گیا تو وہاں سے دوبارہ کیگالی کے سفر کا انتظام ہو گیا۔ طرابلس کی الھیئۃ المشترکۃ نے یہ انتظام کیا کہ میں طرابلس سے واپسی میں کیگالی اور ابوظبی اور کویت وغیرہ کا سفر کرتے ہوئے دہلی واپس جاؤں۔ اس پروگرام کے تحت میں ۳۱ اگست ۱۹۸۲ کو کیگالی پہنچا اور ۱۵ ستمبر ۱۹۸۲ تک وہاں مقیم رہا۔
لیبیا اور متحدہ عرب امارات کے باہمی تعاون سے ۱۹۷۵ میں ایک اسلامی ادارہ قائم ہوا جس کا صدر دفتر طرابلس میں ہے اور جس کا نام ہے :
الهيئة المشتركة لتاسيس المراكز الثقافية الاسلامية اس ادارہ کے موجودہ ذمہ دار ڈاکٹر طاہر محمد الشویدی ہیں۔ اس ادارہ کا خاص مقصد یہ ہے کہ افریقہ اور ایشیا کے ملکوں میں اسلامی مراکز قائم کئے جائیں جن میں مسجد ، مدرسہ ، ہال ، اسپتال ، لائبریری اور دعوتی ادارے ہوں۔ یہ مراکز ایک طرف مقامی مسلمانوں کی تعلیم و تربیت کا انتظام کرتے ہیں اور دوسری طرف مقامی غیر مسلم آبادی میں اسلام کی تبلیغ کا کام انجام دیتے ہیں۔ ہیئت کی طرف سے اس قسم کے مراکز گابون، ٹوگو، مالی، بورونڈی ، یوگنڈا، زامبیا، انڈونیشیا وغیرہ میں قائم کئے گئے ہیں۔ انھیں میں سے ایک مرکز وہ ہے جو روانڈا کے دارالسلطنت کیگالی میں قائم ہے۔ اس مرکز کے تحت تقریباً ایک درجن شعبے کام کر رہے ہیں۔
طرابلس سے ہم ۳۰ اگست کو فرانسیسی ہوائی کمپنی کے ذریعہ روانہ ہوئے۔ راستہ میں جہاز ایک گھنٹہ کے لئے مالٹا میں اترا۔ اس طرح موقع ملا کہ ہم جہاز سے باہر آکر مالٹا کو دیکھیں جو آج کل سیاحوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔ مالٹا کی زمین پر قدم رکھتے ہوئے عجیب احساس ہوا۔ یہ وہ مقام ہے جہاں آزادی ہند کی مسلح تحریک کے نتیجہ میں ہندوستان کے مسلم قائدین کو جلا وطن کیا گیا تھا۔ میں نے سوچا : ہمارے لیڈر موجودہ صدی کے آغاز میں ایک ناکام سیاسی تحریک کی خاطر اس جزیرہ میں آئے اور ناکام سیاسی تحریک کی خاطر اس سے واپس چلے گئے۔ اس کے
‹ Previous page Next page › Contents of March 1983 All issues