Al-Risala · May 1983 · page 11

مومن کی فراست

الرسالہ، مئی ۱۹۸۳، صفحہ ۱۱

انسان کا المیہ

خدا نے ایک دنیا بنائی ۔ بے حد حسین اور انتہائی لذیذ دنیا ۔ خدا نے اس دنیا میں آدمی کے لئے وہ سب کچھ جمع کر دیا جس کو وہ چاہتا ہے۔ اس کے بعد خدا نے اس پر کیف دنیا میں انسان کو بسایا اور لکھ دیا کہ انسان اس دنیا کو صرف دیکھے گا، وہ اس کو پا نہ سکے گا۔

دنیا کا سکھ اور اس کی لذتیں آدمی کو اپنی طرف کھینچتی ہیں ۔ مگر یہ ایک حقیقت ہے کہ اس دنیا کا سکھ اور اس کی لذتیں آدمی کے لئے ناقابل حصول ہیں۔ ایک شخص جس کو دنیا ابھی حاصل نہ ہوئی ہو وہ اپنے کو جتنا محروم سمجھتا ہے، اتنا ہی وہ شخص بھی اپنے کو محروم پاتا ہے جس کو دنیا اپنی تمام رعنائیوں کے ساتھ حاصل ہو گئی ہو۔

بمبئی کا ایک فلم پروڈیوسر ہے گل آنند۔ اس کی شادی ایک خوبصورت عورت سے ہوئی جس کا نام شو بھا تھا۔ بظاہر اس جوڑے کے پاس وہ سب کچھ تھا جس کی کوئی شخص تمنا کر سکتا ہے۔ بمبئی میں ان کے پاس کئی شاندار مکانات تھے جس میں وہ خوشیوں کی جنت میں رہنے لگے ۔

مگر کچھ دنوں کے بعد انہیں ایک کمی کا احساس ہونے لگا ۔ وہ دو ہونے کے با وجود ابھی تک اولاد سے محروم ہیں ۔ اس احساس نے دونوں کے درمیان ایک خاموش دوری پیدا کرنی شروع کی ۔ بالآخر انہوں نے ایک مقامی یتیم خانہ سے ایک چھوٹا بچہ اور ایک چھوٹی بچی حاصل کی وہ بیٹے اور بیٹی کے طور پر ان کی پرورش کرنے لگے۔ تاہم یہ مصنوعی تدبیر ان کی محرومی کے احساس کو ختم نہ کر سکی۔ بالآخر دوری یہاں تک بڑھی کہ دونوں الگ الگ مکانوں میں رہنے لگے ۔

شو بھا کے ڈاکٹروں نے تجویز کیا کہ اس کو ذہنی اختلال ہے۔ دس سال تک وہ اس مفروضہ کے کے تحت اس کا علاج کرتے رہے ، مگر بے سود۔ بالآخر فروری ۱۹۸۳ء کو یہ الم ناک کہانی ختم ہو گئی شو بھا بمبئی میں پیڈار روڈ کے "نیلم بار" میں سولھویں منزل پر ایک اپارٹمنٹ میں رہتی تھی۔ اس نے ۸ فروری کو اندر سے دروازہ بند کر لیا۔ پہلے اپنے بچوں کو کھڑکی سے باہر پھینکا اور اس کے بعد خود بھی چھلانگ لگا دی ۔ تینوں نیچے گرتے ہی مرگئے ۔ انگریزی اخبار کی رپورٹنگ کے مطابق شو بھا کے شوہر گل آنند ) نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا:

I don't know the exact medical terms for my wife's mental disorders اپنی بیوی کے ذہنی اختلال کو بیان کرنے کے لئے متعین طبی اصطلاح مجھے معلوم نہیں (ٹائمس آف انڈیا بمبئی ۹ فروری ۱۹۸۳)

‹ Previous page Next page › Contents of May 1983 All issues

Printed page