Al-Risala · January 1983 · page 27

زبان والے بے زبان ہو جائیں گے

الرسالہ، جنوری ۱۹۸۳، صفحہ ۲۷

زبان والے بے زبان ہو جائیں گے

قدیم عرب میں ایک شخص جمیل بن معمر بھی تھا۔ وہ بہت ذہین آدمی تھا۔ اس کے اندر یہ عجیب صلاحیت تھی کہ وہ دو متضاد نقطہ پر یکساں قدرت کے ساتھ تقریر کر سکتا تھا ۔ چنانچہ اس کا نام ذوالقلبین (دو دل والا) پڑ گیا۔

اس قسم کے کردار مختلف شکلوں میں ہر زمانہ میں پائے گئے ہیں۔ مگر ذوالقلبین ہونا خدا کے مقرر کئے ہوئے فطری نقشہ سے انحراف کرنا ہے۔ یہ خدا کی دنیا میں ایک ناپسندیدہ چیز ہے نہ کہ کوئی پسندیدہ چیز۔ اسی لئے قرآن میں فرمایا گیا کہ اللہ نے کسی انسان کے دو دل نہیں بنایا (الاحزاب ۴) یعنی جب عضویا تی تخلیق میں انسان کو دو دل والا نہیں بنایا گیا ہے تو سوچ اور جذبات کے اعتبار سے بھی دو دل والا ہونا اس کے لئے صحیح نہیں ہو سکتا۔

موجودہ دنیا میں چونکہ انسان کو آزادی حاصل ہے اس لئے یہاں کوئی شخص ایسا کر سکتا ہے کہ وہ ایک معاملہ میں ایک طرز پر سوچے اور دوسرے معاملہ میں دوسرے طرز پر سوچے، وہ ایک مجمع میں ایک ڈھنگ پر بولے اور دوسرے مجمع میں دوسرے ڈھنگ پر تقریر کرے۔ وہ جسم کے اعتبار سے ایک دل والا انسان ہونے کے باوجود ذہن اور زبان کے اعتبار سے دو دل والا انسان بن کر رہے۔ بلکہ کئی دل والا انسان بن جائے۔ مگر ایسی ہر صورت خدا کے تخلیقی نقشہ کی خلاف ورزی ہے۔ وہ فطرت کے مقررہ راستہ سے انحراف کرنا ہے۔ موجودہ دار الامتحان میں کوئی شخص ایسا متضاد رویہ اختیار کر کے کامیاب ہو سکتا ہے مگر آخرت کی حقیقی اور معیاری دنیا میں اس قسم کا خلاف فطرت رویہ بالکل بے قیمت ہو کر رہ جائے گا۔ اس قسم کا انداز اختیار کرنے والا آدمی موجودہ دنیا میں خوب کامیاب رہتا ہے۔ وہ ہر طبقہ کے لوگوں سے ان کے حسب حال بات کرتا ہے۔ وہ جس سے ملتا ہے یا جہاں جاتا ہے، ہر جگہ وہی بات کہتا ہے جو وہاں کے لوگوں کی پسند کے مطابق ہو۔ مگر اس کی ہوشیاری صرف موجودہ دنیا میں کسی کے کام آ سکتی ہے۔ کیونکہ یہ دنیا سچائی کے ظہور کی دنیا نہیں۔ آخرت سچائی کے ظہور کی دنیا ہوگی۔ وہاں حق حق کی صورت میں اور باطل باطل کی صورت میں ظاہر ہو جائے گا۔ وہاں جمیل بن معمر ابھی جیسے ماہرین بالکل بے قیمت ہو جائیں گے۔ وہ ساری مہارت کے باوجود ایسا محسوس کریں گے جیسے ان کے پاس زبان ہی نہیں جس سے وہ بولیں اور ان کے پاس قلم ہی نہیں جس سے وہ کچھ لکھ سکیں۔

‹ Previous page Next page › Contents of January 1983 All issues

Printed page