Al-Risala · August 1983 · page 3

پانے کے باوجود محروم

الرسالہ، اگست ۱۹۸۳، صفحہ ۳

پانے کے باوجود محروم

چارلی چپلن (۱۹۶۶-۱۸۸۹) فلمی دنیا کا ایک مشہور ترین آدمی تھا۔ وہ فلموں میں ہنسانے کا کردار ادا کرتا تھا۔ اس نے ۵۲ سالہ فلمی زندگی میں بے شمار دولت کمائی۔ چارلی چپلن ایک انگریز تھا۔ اس نے امریکہ میں فلمی ترقی حاصل کی اور پھر سوئٹزرلینڈ میں اس نے ۳ ایکڑ زمین خرید کر وہاں اپنے لئے ایک شاندار مکان بنایا۔ جب وہ مرا تو اس کی ملکیت میں دس ملین پونڈ موجود تھے ۔ اس کو بڑے بڑے انعامات اور خطابات سے نوازا گیا۔

کہا جاتا ہے کہ چارلی چپلن کو دنیا کے ہر حصہ میں مقبولیت حاصل ہوئی۔ اس کی تقریباً ۸۰ فلمیں ایسی ہیں جو مسلسل کہیں نہ کہیں دکھائی جاتی ہیں۔ حتیٰ کہ ۱۹۱۷ء میں اپنی ابتدائی زندگی میں اس نے جن فلموں میں کام کیا تھا وہ فلمیں بھی ابھی تک تاجرانہ حیثیت سے کامیاب ہیں۔ یہ ابتدائی فلمیں بھی آج محض تاریخی یادگار کے طور پر نہیں دکھائی جاتیں بلکہ جدید تفریح کے معیار سے ان کو دیکھا جاتا ہے۔ چارلی چپلن موجودہ زمانہ کا واحد فلمی کردار ہے جو اب بھی اتنے شوق سے دیکھا جاتا ہے۔ اندازہ کیا گیا ہے کہ دنیا بھر میں ۳۰۰ ملین ایسے لوگ ہیں جنہوں نے چارلی چپلن کی ۸۰ فلموں میں سے ایک ایک فلم کو دیکھا ہے ۔

چارلی چپلن کی ابتدائی زندگی نہایت غربت میں گزری تھی ۔ چنانچہ بعد کو کثیر دولت کا مالک ہونے کے باوجود اس کو ہمیشہ یہ ڈر لگا رہتا تھا کہ کہیں وہ دوبارہ مفلس نہ ہو جائے ۔ اس نے ایک کے بعد ایک چار شادیاں کیں۔ آخر عمر میں وہ بالکل ناکارہ ہو گیا۔ اس کی زندگی وہیل چیئر (پہیہ دار کرسی) پر گزرتی تھی۔ اس کی نگاہ بے حد کمزور ہو گئی تھی۔ اس کے بولنے اور سننے کی طاقتیں جواب دے گئی تھیں۔ حقیقی چارلی چپلن بستر پر ناکارہ پڑا ہوا تھا۔ مگر فلمی چارلی چپلن بدستور سینما ہاوسوں میں لوگوں کی تفریح کا مرکز بنا ہوا تھا۔

چارلی چپلن کے متعلق کہا جاتا ہے کہ ”اس نے کسی بھی دوسرے انسان کے مقابلہ میں زیادہ لوگوں کو زیادہ خوشی دی اور زیادہ ہنسایا “ مگر اس کا اپنا انجام یہ ہوا کہ وہ آخر عمر میں اپنے بڑھاپے کو بے بسی کے ساتھ دیکھا کرتا تھا اور اس کا ہنسنا اس سے رخصت ہو چکا تھا ۔ ۲۵ دسمبر ، ۱۹۷۷ء کو چار بجے صبح اس وقت اس کا انتقال ہو گیا جب کہ صرف چند گھنٹے بعد اس کا خاندان کرسمس کی سالانہ تقریبات منانے کی تیاریاں کر رہا تھا۔

‹ Previous page Next page › Contents of August 1983 All issues

Printed page