Al-Risala · January 1983 · page 35

Ladies and Gentlemen

الرسالہ، جنوری ۱۹۸۳، صفحہ ۳۵

آدھ گھنٹہ کے اس مقالہ کا عنوان تھا " القرآن فی مواجہۃ التحدیات العصریۃ" مقالہ پیش کرنے کے بعد جو ملاقاتیں ہوئیں ان سے اندازہ ہوا کہ لوگوں نے اس کو غیر معمولی طور پر پسند کیا۔ کسی نے کہا: واللہ اسلوب فرید۔ کسی نے کہا : کان ممتازاجداً۔ کسی نے کہا: لقد اعجبنی کثیراً۔ وغیرہ۔ یہ عربی مقالہ اولاً مؤتمر کی طرف سے سائیکلو اسٹائل کرایا گیا تھا۔ اس کے بعد وزیر اطلاعات عبدالرحمن شلقم کی خصوصی ہدایت کے تحت فوری طور پر اس کو پمفلٹ کی صورت میں شائع کیا گیا۔ مؤتمر میں پڑھے جانے والے مقالات میں راقم الحروف کا مقالہ واحد مقالہ تھا جس کو اس طرح پمفلٹ کی صورت میں چھاپا گیا۔

آدھ گھنٹہ کے مقالہ میں میں نے یہ دکھایا کہ جدید تحدیات دراصل جدید امکانات ہیں۔ اگر ان کو قرآن کی رہنمائی میں استعمال کیا جائے تو وہ ہمارے لئے نیا مستقبل پیدا کرنے کا زینہ بن سکتے ہیں۔ آخری پیرا گراف یہ تھا :

رسول اور اصحاب رسول کے زمانہ میں بظاہر اسلام کو العدو والقوی سے معاملہ پیش آیا۔ مگر اس العد والقوی کے اندر حقیقۃً المومن القوی کے امکانات چھپے ہوئے تھے۔ اسی طرح موجودہ زمانہ میں اگر چہ ہم کو سخت ترین حالات کا سامنا ہے مگر یہ حالات اسلام کے لئے زینے ہیں۔ اگر ہم قرآن کو لے کر اٹھ جائیں تو تاریخ دوبارہ ثابت کرے گی کہ یہ ساتویں صدی ہجری کی مانند گویا ایک تاتاری تلوار تھی جو صرف اس لئے ظاہر ہوئی تھی کہ بالآخر خدا کے دین کی خدمت وحمایت کے لئے وقت ہو جائے۔ "

ایک صاحب امریکہ سے آئے تھے۔ عربی اور انگریزی دونوں زبانیں یکساں روانی کے ساتھ بولتے تھے۔ کھانے کی میز پر ان کا ساتھ ہو گیا۔ بات چیت کے دوران انھوں نے میرا نام پوچھا۔ میں نے کہا "وحید الدین" انھوں نے کہا " وحید الدین خان" میں نے کہا ہاں۔ اس کے بعد وہ بڑے زور کے ساتھ لپٹ گئے۔ وہ میری عربی کتابیں پڑھے ہوئے تھے۔ اسی طرح کا واقعہ اکثر لوگوں کے ساتھ پیش آیا۔ عربی کتابیں، خاص طور پر الاسلام یتحدی، بار بار چھپ کر تقریباً پوری مسلم دنیا میں پھیلی ہے اور تعلیم یافتہ طبقہ عام طور پر اس کو پڑھ چکا ہے۔ یہاں اگر چہ دنیا کے مختلف حصوں کے لوگ ہیں تقریباً سارے ہی لوگ الاسلام یتحدی کو پڑھے ہوئے نظر آئے۔ ایسے لوگ بھی ملے جنھوں نے کہا کہ الاسلام یتحدی ابھی میں نے پڑھی نہیں ہے مگر اس کا نام کافی سنا ہے اور پڑھنے کا اشتیاق ہے۔

مزید معلوم ہوا کہ الاسلام یتحدی (مذہب اور جدید چیلنج) کا ترجمہ عربی کے علاوہ اور کئی زبانوں میں ہو چکا ہے۔ مثلاً یو گو سلاویہ کے ایک صاحب سے ملاقات ہوئی۔ وہ ایک ماہوار رسالہ (Educata Islame) نکالتے ہیں۔ یہ رسالہ یوگو سلاویہ کی البانوی زبان میں ہے۔ انھوں نے اس یوگو سلاوی زبان میں الاسلام یتحدی

‹ Previous page Next page › Contents of January 1983 All issues

Printed page