اپنے لئے کچھ دوسروں کے لئے کچھ
الرسالہ، نومبر ۱۹۸۳، صفحہ ۹
اپنے لئے کچھ دوسروں کے لئے کچھ
سررچرڈ ڈابسننن (Sir Richard Dobson) انگلستان کے ایک کامیاب صنعت کار ہیں وہ ۲۱ سال تک برٹش، امیریکن، ٹوبیکو (British American Tobacco) کے اعلیٰ ذمہ دار رہے ہیں۔ وہ ایک سال تک برٹش لیلینڈ (British Leyland) کے چیئر مین رہے ہیں۔ یہ فرم دو منزلہ بس بنانے کے لئے بہت مشہور ہے۔
سر رچرڈ ڈابس آج کل لندن کے ایک خاص علاقہ، رچمنڈ (Richmond) میں مارچ منٹ روڈ (Marchmont Road) پر رہتے ہیں۔ یہ لندن کی ایک نہایت پر سکون سڑک ہے اور صرف کروڑ پتی قسم کے لوگ یہاں رہتے ہیں۔
حال میں ایسا ہوا کہ رچمنڈ علاقہ کی ایک سڑک خراب ہو گئی۔ اور اس پر از سر نو تعمیر کا کام چھیڑ دیا گیا۔ اس سڑک پر لندن کی بس نمبر ۶۵ چلتی تھی۔ چونکہ یہ سڑک تعمیری کام کی وجہ سے ناقابلِ استعمال ہو رہی تھی اس لئے عارضی طور پر اس کی روٹ بدل دی گئی اور کچھ دنوں کے لئے اس کو مار چ منٹ روڈ سے لے جایا جانے لگا۔
سر رچرڈ ڈابسن اگرچہ ایک بہت بڑے مکان میں رہتے ہیں تاہم اپنے مکان کے سامنے کی سڑک سے دھواں نکالنے والی بس کا گزرنا انہیں پسند نہیں آیا۔ گار جین (۱۴ اگست ۱۹۸۳ء) نے نقل کیا ہے کہ انھوں نے لندن کے اخبار میں اپنا ایک احتجاجی خط چھپوایا جس میں انھوں نے تحریر کیا تھا کہ تنہا بس کے ڈیزل ایندھن کی بو ہی توہین آمیز اور صحت کے لئے خطر ناک ہے : The smell of the diesel fuel alone is an affront and a health hazard. سر رچرڈ ڈابس سگریٹ اور بس کے تاجر ہیں۔ یہ دونوں چیزیں وہ ہیں جو دھواں نکال کر فضا خراب کرتی ہیں۔ وہ ساری زندگی دھوئیں کا کاروبار کرتے رہے۔ یہ دھواں جب تک دوسروں کے گھر میں پہنچ رہاتھا انہیں اس کی خرابی کا احساس نہیں ہوا۔ مگر ایک بار جب اتفاق سے وہ ان کے اپنے گھر کے اندر پہنچ گیا تو وہ چیخ اٹھے۔
ہر آدمی اپنے لئے کچھ چاہتا ہے اور دوسرے کے لئے کچھ اور بلا شبہ یہ انسان کی سب سے بڑی کمزوری ہے۔
‹ Previous page Next page › Contents of November 1983 All issues