اسلام اور انسانی مسائل
الرسالہ، نومبر ۱۹۸۳، صفحہ ۲۵
اسلام اور انسانی مسائل
اسلام کی تعلیمات کے بنیادی طور پر دو حصے ہیں ۔ ایک خدا کے متعلق ، اور دوسرا بندوں سے متعلق ۔ پہلی قسم کی تعلیمات کو عبادات کہا جا سکتا ہے اور دوسری قسم کی تعلیمات کو معاملات۔ عبادات سے متعلق اسلام کی جو تعلیمات ہیں وہ ناقابل تغیر ہیں۔ ان میں کسی قسم کی کمی بیشی جائز نہیں جس چیز کو اسلام میں بدعت کہا گیا ہے ( کل بدعة ضلالة وكل ضلالة في النار) اس کا تعلق حقیقتاً انھیں اول الذکر حصہ سے ہے۔
مگر ثانی الذکر احکام (معاملات) کی نوعیت اس سے مختلف ہے۔ اس شعبہ میں ہم کو صرف بنیادی احکام دئے گئے ہیں۔ اس کے بعد ہم کو آزاد چھوڑ دیا گیا ہے کہ ہر دور کے حالات کے مطابق ہم ان احکام کو منطبق کرتے رہیں ۔ اجتہاد کا تعلق اسی دوسرے حصہ احکام سے ہے ۔ اجتہاد حقیقتاً بدلے ہوئے دنیوی حالات میں اسلام کی بنیادی تعلیمات کا انطباق تلاش کرنے کا دوسرا نام ہے۔
دونوں قسم کی تعلیمات کا یہ فرق حدیث سے واضح ہے۔ چنانچہ عبادات سے متعلق احکام کے بارہ میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : مَنْ أَحْدَثَ فِي أَمْرِنَا هَذَا مَا لَيْسَ مِنْهُ فَهُوَ رَدٌ جو شخص ہمارے اس دین میں ایسی نئی بات نکالے جو اس میں نہ ہو وہ قابل رد ہے۔
دوسرے حصہ احکام کی مختلف نوعیت تأبیر نخل کے واقعہ سے واضح ہے۔ پیغمبر اسلام ایک بار مدینہ کے باہر کھجوروں کے ایک باغ سے گزرے ۔ وہاں کچھ لوگ درخت کے اوپر چڑھے ہوئے کچھ کر رہے تھے۔ انھوں نے پوچھا کہ تم کیا کر رہے ہو ۔ لوگوں نے بتایا کہ ہم نر کو مادہ پر مار رہے ہیں۔ آپ نے اس کو پسند نہیں فرمایا ۔ چنانچہ وہ لوگ رک گئے ۔ مگر یہ زرخیزی کا معاملہ تھا اور زرخیزی کے بغیر درختوں میں پھل نہیں آتے ۔ چنانچہ اس سال کھجور کی پیداوار بہت کم ہوئی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو جب معلوم ہوا تو آپ نے فرمایا کہ ویسا ہی کرو جیسا تم پہلے کرتے تھے۔ کیوں کہ تم اپنے دنیوی معاملات کو زیادہ بہتر جانتے ہو ۔ ( انتم اعلم بامور دنیاکم)
ان دونوں روایات سے واضح طور پر ثابت ہے کہ عبادات کے معاملہ میں کوئی اجتہاد نہیں ہے مگر جہاں تک معاملات کا تعلق ہے ان میں اجتہاد اور انطباق کا دروازہ ہمیشہ کے لئے کھلا ہوا ہے۔ مجھے اس مقالہ میں اسلامی احکام سے صرف دوسرے حصہ کے بارے میں گفتگو کرنی ہے۔ تاہم اس دوسرے حصہ کے بھی دو الگ الگ پہلو ہیں۔ اس اعتبار سے زیر بحث موضوع کو دو حصوں میں تقسیم
‹ Previous page Next page › Contents of November 1983 All issues