Al-Risala · December 1983 · page 4

مغربی قومیں

الرسالہ، دسمبر ۱۹۸۳، صفحہ ۴

مغربی قومیں

صلیبی لڑائیوں میں مسلمانوں نے یورپ پر فتح پائی۔ مگر اس کے بعد یورپ میں اسی طاقت سے اسلام کی اشاعت نہ ہوسکی۔ اس کی وجہ یورپی قوموں میں صلیبی جنگوں (کرو سیڈس) کی تلخ یاد ہے صلیبی لڑائیوں میں یورپ کو اسلامی دنیا کے مقابلہ میں شکست ہوئی۔ اس کے نتیجہ میں یورپی قوموں کے اندر اسلام کے خلاف نفرت اور تعصب پیدا ہو گیا۔ یہی صلیبی نفرت ہے جو یورپ میں بڑے پیمانہ پر اسلام کی اشاعت میں مانع رہی۔

تاہم پچھلی صدیوں میں جب یورپ نو آبادیاتی طاقت بن کر ابھرا تو وہاں کی فضا بدل گئی۔ اب یورپ نے صلیبی شکست کا بدلہ مسلمانوں سے لے لیا تھا۔ کیونکہ مسلم دنیا کے بڑے حصہ پر یورپی قوموں کا براہ راست یا بالواسطہ اقتدار قائم ہو گیا۔

مفتوح کے اندر فریق ثانی کے لئے نفرت کے جذبات ہوتے ہیں۔ اس لئے مفتوح فریق ثانی کی کسی چیز کو قبول کرنے پر راضی نہیں ہوتا۔ خواہ وہ کتنی ہی اچھی کیوں نہ ہو۔ اس کے برعکس فاتح کی نفسیات میں بے نیازی ہوتی ہے۔ اس لئے اسے فریق ثانی کی کسی چیز کو قبول کرنے میں کوئی نفسیاتی رکاوٹ نہیں ہوتی۔ اس بنا پر جب نو آبادیاتی دور آیا تو یورپ میں اسلام کی تبلیغ واشاعت کے زبردست امکانات پیدا ہو گئے۔ "مفتوح " یورپ میں اسلام کی اشاعت مشکل تھی، مگر " فاتح " یورپ میں اسلام کی اشاعت اتنی ہی آسان ہو چکی تھی۔ مگر اب یہاں ایک اور نفرت رکاوٹ بن گئی۔ پہلے جو چیز یورپی قوموں کی طرف سے تھی وہی چیز اب خود مسلم قوموں کی طرف سے پیدا ہو گئی۔ نو آبادیاتی دور میں چونکہ یورپ نے مسلم قوموں کو سیاسی اور تہذیبی شکست دی تھی، اس لئے مسلمانوں کے اندر یورپ کے خلاف شدید نفرت پیدا ہوگئی۔ وہ یورپی قوموں کو مادی رقیب اور قومی حریف کی نظر سے دیکھنے لگے۔ انہوں نے ان کو نفرت کی نظر سے دیکھا نہ کہ ہمدردی کی نظر سے ۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ وہ نو آبادیاتی دور میں بھی یورپ کو خدا کے دین کا مخاطب نہ بنا سکے۔ مسلمانوں اور یورپی قوموں کے درمیان داعی اور مدعو کا رشتہ ماضی میں ایک سبب سے قائم نہ ہوسکا اور حال میں دوسرے سبب سے

‹ Previous page Next page › Contents of December 1983 All issues

Printed page