میں پڑھ کر پڑھاؤں گا
الرسالہ، مارچ ۱۹۸۴، صفحہ ۱۸
میں پڑھ کر پڑھاؤں گا
فادر ہنری ہراس (۱۹۵۶۔ ۱۸۸۹) ایک اسپینی مسیحی تھے۔ وہ 34 سال کی عمر میں ۱۸ نومبر ۱۹۲۲ کو بمبئی کے ساحل پر اترے۔ ہندوستان کی زمین نے ان کو متاثر کیا۔ ان کو محسوس ہوا کہ ان کے تبلیغی حوصلہ کے لئے اس ملک میں کام کا اچھا میدان ہے۔ انھوں نے طے کر لیا کہ وہ یہاں رہ کر اپنا تبلیغی کام انجام دیں گے۔ مگر ہندوستان ان کا وطن نہیں تھا۔ کام سے پہلے ضروری تھا کہ یہاں ان کے لئے قیام کی کوئی بنیاد ہو۔ یہاں اپنی جگہ بنا کر ہی وہ یہاں کی آبادی میں اپنے تبلیغی کام کو جاری رکھ سکتے تھے۔ انھوں نے طے کیا کہ ہندوستان میں وہ بحیثیت معلم کے قیام کریں گے اور اس کے بعد کالج میں اور کالج کے باہر اپنے لئے کام کی تدبیر کریں گے۔ بمبئی کا ہراس انسٹی ٹیُوٹ انھیں کی یادگار ہے۔
فادر ہراس (Fr. Henry Heras) چند دن بعد سینٹ زیوِیرس کالج بمبئی کے پرنسپل سے ملے۔ وہ ایک تاریخ داں تھے۔ انھوں نے اپنے ملک سے تاریخ میں ڈگری لی تھی۔ پرنسپل نے ان کے کاغذات دیکھ کر پوچھا : " آپ یہاں کون سی تاریخ پڑھانا پسند کریں گے " فادر ہراس نے فورا جواب دیا " ہندوستانی تاریخ" پرنسپل کا اگلا سوال تھا : ہندوستانی تاریخ میں آپ کا مطالعہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ "کچھ نہیں"۔ "پھر آپ کیسے ہندوستانی تاریخ پڑھائیں گے " پرنسپل نے پوچھا۔ فادر ہراس کا جواب تھا : I shall study it. میں ہندوستانی تاریخ کا مطالعہ کر کے اپنے آپ کو تیار کروں گا۔ پھر اس کو پڑھاؤں گا۔ فادر ہراس جانتے تھے کہ معلمی کا کام وہ بطور پیشہ نہیں اختیار کر رہے ہیں کہ یورپ کی تاریخ یا جو مضمون بھی وہ چاہیں پڑھائیں اور مہینہ کے آخر میں تنخواہ لے کر مطمئن ہو جائیں۔ ان کے لئے معلمی کا کام ایک خاص مقصد کی خاطر تھا۔ اور وہ یہ کہ وہ اپنے تبلیغی کام کے لئے مناسب بنیاد فراہم کریں اور اس مقصد کے اعتبار سے ان کے لئے " ہندوستانی " تاریخ سب سے زیادہ موزوں مضمون سمت۔ وہ ہندوستان میں تھے اس لئے ہندوستانی تاریخ کے معلم بن کر وہ زیادہ بہتر طور پر یہاں کے نوجوانوں میں اپنے دین کی تبلیغ کر سکتے تھے۔ یہی وجہ تھی کہ ہندوستان کی تاریخ سے نا آشنا ہونے کے باوجود انھوں نے اپنے مضمون کے لئے ہندوستانی تاریخ کو پسند کیا۔
انھوں نے ہندوستانی تاریخ کے مطالعہ میں اتنی زیادہ محنت کی کہ وہ نہ صرف اس مضمون کے اچھے معلم بن گئے بلکہ ہندوستانی تاریخ میں سرجدو ناتھ سرکار اور ڈاکٹر سریندر ناتھ سین کے درجہ کے مورخ کی حیثیت حاصل کرلی۔
‹ Previous page Next page › Contents of March 1984 All issues