Al-Risala · July 1984 · page 17

اختلاف کا نقصان

الرسالہ، جولائی ۱۹۸۴، صفحہ ۱۷

اختلاف کا نقصان

مسلمان ہر سال حج کے لئے ہزاروں کی تعداد میں سمندری سفر کرتے ہیں۔ مگر جہاز رانی کے کاروبار میں مسلمانوں کا کوئی حصہ نہیں۔ عرب ملکوں سے پٹرول بہت بڑی مقدار میں ہندوستان آرہا ہے۔ مگر پٹرولیم صنعتوں میں مسلمانوں کا کوئی مقام نہیں۔ مسلمان بے شمار کتابیں چھاپتے ہیں مگر سارے ملک میں کوئی بھی پیپر مل مسلمانوں کی نہیں پائی جاتی۔

اس کی وجہ کیا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مذکورہ تمام کام بڑے بڑے صنعتی کام ہیں اور بڑے بڑے صنعتی کام موجودہ زمانہ میں صرف جوائنٹ اسٹاک کمپنی اور کو آپریٹو سوسائٹی کے ذریعہ وجود میں آتے ہیں۔ اور مسلمان اپنی بے شعوری اور اپنے غیر اتحادی مزاج کی وجہ سے جوائنٹ اسٹاک کمپنی اور کو آپریٹو سوسائٹی چلانے کی طاقت نہیں رکھتے۔

مشہور ایسٹ انڈیا کمپنی جوائنٹ اسٹاک کمپنی تھی۔ یعنی بہت سے انگریزوں کے سرمایہ سے مل کر اس کی تشکیل ہوئی تھی۔ وہ دسمبر ۱۶۰۰ میں وجود میں آئی۔ آئی۔ 1601میں اس نے سورت میں اپنی پہلی فیکٹری قائم کی۔ مغل حکمراں جو صرف "تلوار" کی طاقت کو جانتا تھا اور "صنعت" کی طاقت سے بے خبر تھا، اس نے فراخ دلی کے ساتھ ایسٹ انڈیا کمپنی کو ہندوستان میں کام کرنے کی اجازت دے دی۔ چنانچہ ۲۵ سال کے عرصہ میں اس نے بہت سے ہندوستانی شہروں میں اپنے صنعتی مراکز قائم کر لئے اور اتنی ترقی کی کہ بالآخر ملک پر قابض ہوگئی۔

مغربی کمپنیوں کو دیکھ کر ہندوستان کے دوسرے فریقوں نے بھی اپنی جوائنٹ اسٹاک کمپنیاں قائم کیں اور کافی ترقی کی۔ مگر ہندوستان کے مسلمان اس میدان میں پیچھے رہے۔ ایک اندازہ کے مطابق ہندوستان کی آبادی کا تقریباً سولہ فی صد حصہ صنعتی سیکٹر سے وابستہ ہے۔ مگر اس میں مسلمانوں کا تناسب ایک فی صد سے بھی کم (۴۲) ہے۔ مسلمان کوئی بھی بڑا پروجیکٹ نہیں چلا سکے کیوں کہ بڑا پروجیکٹ چلانے کے لئے بہت سے لوگوں کو مل کر کام کرنا پڑتا ہے۔ اور مسلمان مل کر کام کرنے کی صلاحیت سے محروم ہیں۔ اقتصادیات کا تعلق کسی ایک شعبہ سے نہیں بلکہ زندگی کے تمام شعبوں سے ہے۔ مسلمان اقتصادیات میں پیچھے ہونے کی وجہ سے زندگی کے تمام شعبوں میں پیچھے ہوگئے ہیں۔ اور اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ متحد ہو کر کام کرنا نہیں جانتے۔ اتحاد بظاہر ایک داخلی چیز ہے۔ مگر یہ داخلی چیز آدمی کو خارجی دنیا کی کامیابیاں دے دیتی ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of July 1984 All issues

Printed page