محاضرات
الرسالہ، جولائی ۱۹۸۴، صفحہ ۴۶
۱۲ مارچ ۹۸ کو مسجد نبوی میں فجر کی نماز پڑھی۔ یہ مسجد نبوی میں ہماری آخری نماز تھی۔ نماز سے فارغ ہو کر جب میں باہر نکل رہا تھا تو بے اختیار میری زبان سے نکلا: خدایا! یہ وہ مقام ہے جہاں تیرے پیغمبر نے نمازیں پڑھی ہیں۔ جہاں پیغمبر کے اصحاب کے قدم پڑے ہیں۔ جہاں ان لوگوں کی مجلسیں قائم ہوئی ہیں جن کو تو نے جنت کی بشارت دی ہے۔ خدایا! مجھے بھی اس مجلس میں شریک ہونے والوں میں شامل فرما۔ خدایا! جس طرح تو نے انھیں بخشا اسی طرح مجھے بھی اپنی رحمت سے بخش دے۔
۱۲ مارچ کی دوپہر کو ہم مدینہ سے ریاض پہنچے۔
سورہ بنی اسرائیل میں ارشاد ہوا ہے-"خدایا تم کو مقام محمود پر کھڑا کرے گا۔ " پیغمبر اسلام کے بارے میں یہ خدا وندی اطلاع رکی دور کے آخری سال نازل ہوئی۔ یہ وہ وقت تھا جب کہ آپ کی مظلومیت اور بے سروسامانی اپنی آخری انتہا کو پہنچ گئی تھی۔ حتی کہ آپ کے مخالفین آپ کے قتل کی تدبیریں کرنے لگے تھے۔ آپ کو محمد (تعریف کیا ہوا) کے بجائے مذمم (مذمت کیا ہوا) کہتے تھے ۔
اس وقت خبر دی گئی کہ مخالفین اسلام اپنے وقتی اقتدار سے خوش نہ ہوں ۔ محمد بن عبداللہ کا معاملہ کوئی انسانی معاملہ نہیں، یہ تمام تر خدائی معاملہ ہے۔ خدا بہر حال اپنے منصوبے کو پورا کرے گا، خواہ منکرین اس کے خلاف کتنی ہی کوششیں کر ڈالیں۔ نبی عربی کے ساتھ یہ نہیں ہونا ہے کہ وہ گم نامی کے ساتھ اس دنیا سے چلے جائیں، جیسا کہ اکثر نبیوں کے ساتھ ہوا۔ خدا اپنے نبی کو مکہ سے نکال کر یثرب لے جائے گا اور وہاں اس کے لئے مرکز فراہم کرے گا۔ اس کو اقتدار عطا فرمائے گا جس کے ذریعہ سے وہ باطل کو شکست دے گا۔ مخصوص خدائی مصالح کے تحت اُن کو اس حد تک کامیاب بنانا ہے کہ وہ محمود خلائق ہو جائیں، ان کو مذمم کہنے والے بہت جلد اپنی زندگی ہی میں ان کو حقیقی معنوں میں محمد اور محمود بنتے ہوئے دیکھیں گے ۔ نبی عربی کے بارے میں خدا کا یہ منصوبہ مکمل طور پر پورا ہوا۔ حتیٰ کہ وہ اس قابل ہو سکے کہ دین خداوندی کی بنیاد پر ایک نئی تاریخ وجود میں لا سکیں ۔
خدا کے رسول، جس طرح دنیا میں لوگوں کے درمیان محمود و ممدوح قرار پائے، اسی طرح میدان حشر میں بھی وہ لوگوں کے درمیان مقام محمود پر فائز ہوں گے۔ محمودیت کے اس آخری اور کامل اظہار کا نام مقام شفاعت ہے۔ دنیا میں آپ کے ذریعہ انسانیت کو ایک عظیم امتحان سے نجات ملی۔ آخرت میں بھی اللہ آپ کے وسیلہ سے لوگوں کو حشر کی ہولناک آزمائش سے نکالے گا اور بلاشبہ یہ ایک ایسا اعزاز ہو گا جو اولین و آخیرین میں کسی کو حاصل نہیں۔
‹ Previous page Next page › Contents of July 1984 All issues