Al-Risala · November 1984 · page 19

ناکامی کا سبب

الرسالہ، نومبر ۱۹۸۴، صفحہ ۱۹

ناکامی کا سبب

لاس اینجلس میں ہونے والے اولمپک گیم (جولائی۔ اگست ۱۹۸۴) میں ہندوستان سے حصہ لینے والوں کا جو دستہ گیا تھا اس میں کل ۶۲ افراد تھے۔ کھیل کے خاتمہ پر یہ لوگ واپس ہو کر 16اگست ۱۹۸۴ کو نئی دہلی پہنچے تو ہوائی اڈہ پر ان کا زیادہ پر جوش استقبال نہیں ہوا اس کی وجہ یہ تھی کہ وہ اولمپک میں کوئی میڈل نہ جیت سکے۔ نہ سونے کا نہ چاندی کا اور نہ کانسی کا۔

اس ناکامی کا سبب کیا تھا، ٹائمس آف انڈیا کی رپورٹ (17 اگست1984 کے مطابق لوٹنے والے کھلاڑیوں میں سے ایک نے کہا کہ سائنسی اور منظم تربیت کا نہ ہونا ہندوستان کے ناقص کھیل کی بنیادی وجہ تھی۔ ہم نے اپنی بہترین کوشش کی۔ مگر بدقسمتی سے وہ کافی نہ تھی۔ ہندوستانی ٹیم کی تربیت کافی پہلے سے شروع ہونی چاہیے نہ کہ صرف تین ماہ پہلے سے۔ اس سلسلہ میں اخبار میں جو باتیں شائع ہوئی ہیں ان میں سے ایک بات یہ ہے۔

Lack of scientific and systematic training was the main reason for India's poor showing. We did our best but that, unfortu- nately, was not good enough. The training of Indian teams should start wel before an event and not just three months. مذکورہ شخص نے جو بات اولمپک کے کھیل کے بارہ میں کہی وہی زندگی کے ہر کھیل" کے لئے درست ہے۔

مقابلہ کی اس دنیا میں کامیابی کے لئے لازمی طور پر ضروری ہے کہ آپ میدان میں اتریں تو پوری تیاری کر کے اتریں ۔ اگر آپ کم تر تیاری کے ساتھ زندگی کے میدان میں داخل ہوگئے تو آپ کے لئے ناکامی کے سوا کوئی اور چیز مقدر نہیں۔

آپ کی تیاری دو پہلوؤں کے اعتبار سے ہونا چاہئے۔ ایک یہ کہ وہ باقاعدہ ہو اور دوسرے یہ کہ وہ زمانہ کے تقاضوں کے مطابق ہو۔ اگر آپ کی تربیت باقاعدہ اور منظم نہیں تو آپ زندگی کے اسٹیج پر شاعر اور خطیب بن کر رہ جائیں گے۔ اور اگر آپ کی تربیت وقت کے تقاضوں کے مطابق نہیں تو آپ کو صرف تاریخ کے عجائب خانہ میں جگہ ملے گی۔ آپ خواہ اور کچھ ہو جائیں۔ مگر آپ وقت کے زندہ نقشوں میں اپنے لئے جگہ نہیں بنا سکتے۔

‹ Previous page Next page › Contents of November 1984 All issues

Printed page