بلندکرداری
الرسالہ، جنوری ۱۹۸۵، صفحہ ۹
بلندکرداری
ہندوستان میں مسلمان بادشاہ بھی آئے اور مسلمان صوفی بھی۔ مگر ہندوستان کی غیر مسلم قوموں نے بادشاہوں کو اپنا رقیب سمجھا اور صوفیوں کو احترام کی نظر سے دیکھا۔ انھوں نے بادشاہوں سے لڑائیاں کیں مگر صوفیوں کے آگے وہ عقیدت سے جھک گئے۔ حتی کہ ان میں سے لاکھوں لوگوں نے ان کے مذہب (اسلام) کو قبول کر لیا۔ آج بھی ہندوستان کے لوگ مسلم صوفیوں کا نام عزت سے لیتے ہیں۔ ان کے مزاروں اور درگاہوں پر حاضری دینے والوں میں ان کی تعداد مسلمانوں سے بھی زیادہ ہوتی ہے۔ جب کہ مسلمان بادشاہوں کے لئے ان کے دل میں کوئی نرم گوشہ نہیں۔
اس فرق کی وجہ یہ ہے کہ مسلم بادشاہ ان کو اپنی سطح پر نظر آتے تھے اور مسلم صوفی اپنے سے اونچی سطح پر۔ لوگوں نے دیکھا کہ جس طرح وہ دولت کے حریص ہیں اسی طرح مسلم بادشاہ بھی دولت کے حریص ہیں۔ لوگ اقتدار کے لئے لڑتے ہیں اور مسلم بادشاہ بھی اقتدار کے لئے لڑتے ہیں۔ لوگ اپنی خواہش کے پیچھے چلتے ہیں اور مسلم بادشاہ بھی اپنی خواہش کے پیچھے چلتے ہیں۔ لوگ دوسروں کو لوٹتے ہیں اور مسلم بادشاہ بھی دوسروں کو لوٹتے ہیں۔ مسلم بادشاہ لوگوں کو اسی عام سطح پر نظر آئے جہاں وہ خود تھے۔ ایسی حالت میں مسلم بادشاہوں کے لئے ان کے دل میں کوئی اعلی جذبہ ابھرتا تو کیسے ابھرتا۔
مگر مسلم صوفیوں کا معاملہ اس سے مختلف تھا۔ انھیں دولت کی تمنا نہ تھی وہ اپنی فقیری میں مگن تھے۔ اقتدار کو چاہنا تو درکنار وہ اقتدار سے دور بھاگنے والے لوگ تھے۔ انھوں نے اپنی خواہش کو معبود نہیں بنایا تھا۔ بلکہ ان کا حال یہ تھا کہ وہ سخت قسم کی نفسیاتی ورزشیں کرتے تھے تاکہ اپنی خواہش کے شیطان کو زیر کر سکیں۔ وہ دوسروں سے صرف محبت کرنا جانتے تھے۔ ان کے یہاں نفرت کا کوئی گزر نہ تھا۔ ان صوفیوں کا یہ حال تھا کہ اپنے دشمنوں اور مخالفوں کے لئے بھی ان کے پاس جو چیز تھی وہ دعا اور خیر خواہ ہی تھی نہ کہ نفرت اور انتقام۔ ایک صوفی کو ایک شخص نے ایک بار پتھر مارا۔ صوفی کو چوٹ لگی مگر وہ غصہ میں ہوا بلکہ آگے بڑھ کر اس آدمی کو سینے سے لگالیا۔ مارنے والے پوچھا کہ آپ نے مجھ کو سینے سے کیوں لگایا جبکہ میں نے آپ کو مارا تھا۔ صوفی نے جواب دیا کہ تمہارے اندر ایک برائی ہے اس لئے تم سب سے زیادہ اس لئے مستحق ہو کہ تم کو سینے سے لگایا جائے۔ اس واقعہ کے بعد اس شخص نے توبہ کر لی اور صوفی کا مرید ہو گیا۔
‹ Previous page Next page › Contents of January 1985 All issues