کتنا فرق
الرسالہ، جنوری ۱۹۸۵، صفحہ ۸
کتنا فرق
برطانیہ نے سو سال پہلے ہانگ کانگ کو پٹے کے تحت چین سے حاصل کیا تھا۔ اس پٹے کی مدت ۱۹۹۷ میں ختم ہورہی ہے۔ اس سلسلہ میں دو سال تک چین کی کمیونسٹ حکومت اور برطانیہ کے درمیان بات چیت ہوتی رہی۔ ۲۴ نشستوں کے بعد آخر کار ۲۶ ستمبر ۱۹۸۴ کو ایک معاہدہ پر دونوں کے دستخط ہوگئے اس کے مطابق یکم جولائی ۱۹۹۷ کو ہانگ کانگ چین کے حوالہ کر دیا جائے گا۔
جوائنٹ ڈیکلریشن (نہ کہ ٹریٹی) کے مطابق چین کے قبضہ میں آنے کے بعد بھی اگلی نصف صدی تک ہانگ کانگ اپنی موجودہ حالت پر باقی رہے گا۔ کمیونسٹ اصولوں کے سراسر خلاف یہاں اظہار رائے ، اجتماع، اسٹرائک، عبادت اور سفر کی پوری آزادی ہوگی۔ برطانی باشندے یہاں کی سرکاری ملازمتوں میں لئے جاسکیں گے۔ ہانگ کانگ ڈالر بدستور باقی رہے گا، اس فرق کے ساتھ کہ اس پر سے ملکہ برطانیہ کی تصویر حذف کر دی جائے گی۔ معاہدہ بتاتا ہے کہ ہانگ کانگ ایک اسپیشل ایڈمنسٹریٹر یورین بن جائے گا۔ جس کے الفاظ میں :
The colony will enjoy a high degree of autonomy. The Socialist system and Socialist politics shall not be practised-and Hong Kong's previous capitalist system and life-style shall remain un- changed for fifty years. ہانگ کانگ کو اعلیٰ درجہ کی آزادی حاصل رہے گی۔ اشتراکی نظام اور اشتراکی پالیسی زیر عمل نہیں لائی جائے گی۔ ہانگ کانگ کا پچھلا سرمایہ دارانہ نظام اور اس کا طرز زندگی غیر متغیر طور پر ۵۰ سال باقی رہے گا۔ (انڈین ایکسپریس ، ۲۶ ستمبر ۱۹۸۴)
اس طویل معاہدہ میں اور بھی بہت سی باتیں طے کی گئی ہیں، مثلاً یہ کہ کمیونسٹ چین ہانگ کانگ کی ائر لائن(Cathay (Cathay Pacific) میں شیئر نہیں خریدے گا۔ ہانگ کانگ کا انتظام ہانگ کانگ کے عوام چلائیں گے۔ البتہ چین کی طرف سے ایک چیف ایگزیکٹیو وہاں رہے گا۔ چین کے تحت ہانگ کانگ کو آزاد حیثیت (Autonomous status) حاصل رہے گی وغیرہ۔
اس کے عین برعکس مثال مصر کی ہے۔ نہر سویز، برطانیہ اور فرانس کے پاس پٹہ (۱۸۶۹) پر تھی۔ یہ پٹہ کچھ سالوں میں ختم ہونے والا تھا۔ مگر صدر ناصر نے یہ کیا کہ اچانک ۱۹۵۶ میں اس کو قومی ملکیت میں لینے کا اعلان کر دیا۔ اس کے بعد مغربی طاقتوں نے اس کا انتقام اس طرح لیا کہ اسرائیل کے ذریعہ مصر کو سوئز سمیت تہس نہیں کر ڈالا۔
‹ Previous page Next page › Contents of January 1985 All issues