Al-Risala · April 1985 · page 48

ادارة الرساله

الرسالہ، اپریل ۱۹۸۵، صفحہ ۴۸

خبر نامہ اسلامی مرکز۔ مرکز-۷

١۔ کیسٹ میگزین کی بابت اس سے پہلے اعلان کیا جا چکا ہے۔ اس سلسلہ کا نام " الرسالہ کیسٹ " ہوگا۔ انشاء اللہ یکم مئی ۱۹۸۵ سے اس کی روانگی شروع ہوگی۔ اس کے بعد ہر انگریزی مہینہ کی پہلی تاریخ کو اس کی روانگی ہوتی رہے گی۔ یہ ماہانہ کیسٹ صدر اسلامی مرکز کی تقریروں پر مشتمل ہوگا۔ ہر کیسٹ میں موصوف کی دو تقریریں ۳۰۔ ۳۰ منٹ کی ہوں گی۔

٢۔ ۲۶ جنوری ۱۹۸۵ء کو مہینہ کا آخری اتوار تھا۔ حسب معمول مرکز میں ماہانہ اجتماع ہوا۔ صدر اسلامی مرکز نے سورۃ النساء کی آیت نمبر ۸۲ پر درس دیتے ہوئے بتایا کہ یہ آیت اس بات کا زبر دست ثبوت ہے کہ قرآن خدا کی طرف سے آئی ہوئی کتاب ہے۔ اس سلسلہ میں موصوف نے بہت سی علمی اور سائنسی دلیلیں پیش کیں۔ اس درس کا ٹیپ مرکز میں محفوظ ہے۔ ٣۔ یکم فروری ۱۹۸۵ء کو میر واعظ مولانا محمد فاروق کشمیری اسلامی مرکز میں آئے۔ صدر اسلامی مرکز سے گفت گو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ماہنامہ الرسالہ میں پابندی سے پڑھتا ہوں۔ انھوں نے مرکز کی تمام مطبوعات کا ایک سٹ فرمائش کرکے حاصل کیا۔ انھوں نے کہا کہ آپ کی تحریروں کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ تخلیقی ہوتی ہیں۔ جب کہ عام طور پر اسلام پر لکھنے والوں کا حال یہ ہے کہ وہ نقل اور روایتی تکرار سے زیادہ کوئی چیز نہیں پیش کر پاتے۔ مرکز کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ یہاں ہر کام جدید معیار کے مطابق کیا جا رہا ہے۔

۴۔ ۸ فروری ۱۹۸۵ء کو پروفیسر اگوانى ڈریکٹر جواہر لال نہرو یونیورسٹی نئی دہلی، مرکز میں آئے اور تقریبا ڈیڑھ گھنٹہ تک صدر اسلامی مرکز سے تبادلہ خیال کیا۔ انھوں نے الرسالہ باقاعدہ پڑھنا شروع کر دیا ہے۔ ان کی فرمائش پر اسلامی مرکز کی مطبوعات انھیں پیش کی گئیں۔ ۵۔ جو نئی کتابیں اس وقت زیر طبع ہیں ان میں سے ایک " سوشلزم اور اسلام " ہے۔ یہ کتاب ۲۰۸ صفحات پر مشتمل ہے۔ اس کے چار حصے ہیں۔ اس میں سوشلزم کا فکری و عملی جائزہ اور اسلام اور سوشلزم کا تقابل ہے۔ نیز معاشی مسئلہ کا فطری اور اسلامی حل بیان کیا گیا ہے۔ دوسری زیر طبع کتاب " اسلامی زندگی " ہے۔ یہ سیرت اور احادیث اور آثار پر مشتمل ہے اور عمومی سطح پر اشاعت دین کے لئے تیار کی گئی ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of April 1985 All issues

Printed page