بہت سے لوگ
الرسالہ، مئی ۱۹۸۵، صفحہ ۲۱
بہت سے لوگ
بہت سے لوگ جو اعلان کرتے ہیں کہ سونے اور چاندی کے سکوں میں ان کی قیمت نہیں لگ سکتی وہ اس وقت بازار میں بکنے والا مال بن جاتے ہیں جب کہ عزت اور شہرت کے سکوں میں ان کی قیمت ادا کردی جائے۔
بہت سے لوگ جو بتوں کو توڑنے کی مہم کے امام بنے ہوئے ہیں وہ اس وقت سب سے بڑے بت پرست ثابت ہوئے ہیں جب کہ ان کو خود اپنا بت ٹوٹتا ہوا نظر آئے۔ بہت سے لوگ جو اسلام کو اپنی عظمت کا پر فخر نشان بنائے ہوئے ہیں وہ اس وقت اسلام کو نظر انداز کر دیتے ہیں جب کہ اسلام ان سے اپنے آپ کو بے عظمت کرنے کا مطالبہ کرے۔
بہت سے لوگ جو خدا کی بڑائی کے نام پر دوسروں کو چھوٹا کرنے کا جھنڈا اٹھائے ہوئے ہیں وہ اس وقت اپنی تردید آپ بن جاتے ہیں جب کہ انھیں خدا کی بڑائی کے لئے خود اپنے آپ کو چھوٹا کرنا پڑے۔
بہت سے لوگ جو مکمل اسلامی حکومت سے کم کسی چیز پر راضی ہونے کے لئے تیار نہیں ہیں وہ اس وقت اپنے دعوے کے برعکس ثابت ہوتے ہیں جب کہ اسلامی حکومت کی حدود کو ان کی اپنی ذات تک وسیع کیا جائے۔
بہت سے لوگ جو دوسروں کے بچوں کو میدان جہاد میں بھیجنے کے لئے بہادر بنے ہوتے ہیں وہ اس وقت غیر بہادر ثابت ہوتے ہیں جب کہ انھیں خود اپنے بچوں کو میدان جہاد میں ذبح ہونے کے لئے بھیجنا پڑے۔
بہت سے لوگ جو احتساب عالم سے کم کوئی لفظ بولنے کو اسلام کی تصغیر سمجھتے ہیں وہ اس وقت بالکل دوسرے انسان ثابت ہوتے ہیں جب کہ اس احتساب عالم کی فہرست میں خود ان کی ذات کے احتساب کو بھی شامل کر لیا جائے۔
بہت سے لوگ جو ملت کے احیاء کےلیے مرد ان کار کا انتظار کر رہے ہیں۔ وہ اس وقت ان کے سب سے بڑے دشمن بن جاتے ہیں جب کہ خدا مطلوبہ مردان کار پیدا کر کے انھیں ان کے سامنے کھڑا کر دے۔