Al-Risala · July 1985 · page 28

ایران کا سبق

الرسالہ، جولائی ۱۹۸۵، صفحہ ۲۸

ایران کا سبق

سابق شاہ ایران محمد رضا پہلوی (1980ء-1919ء) کے خلاف آیات اللہ خمینی کی قیادت میں جو تحریک چل رہی تھی، اس کے نتیجہ میں دسمبر 1978ء میں شاہ کو ایران چھوڑ دینا پڑا۔ اس کے بعد وہ مختلف ملکوں میں پھرتے رہے ۔ یہاں تک ۲۷ جولائی 1980ء کو قاہرہ کے اسپتال میں ان کا انتقال ہو گیا۔ فروری 1979ء میں آیات اللہ خمینی ایک فاتح کی حیثیت سے پیرس سے تہران آئے ۔ اس کے بعد انہوں نے ایران میں " اسلامی جمہوریہ " کی بنیاد رکھی ۔ الرسالہ کی رائے اول دن سے یہ رہی ہے کہ ایران کا انقلاب اسلامی انقلاب نہیں، وہ صرف منفی نوعیت کا ایک مخالف شاہ انقلاب ہے۔ مگر مسلمان جو موجودہ زمانہ میں خوش فہمیوں میں جینے کے عادی ہو گئے ہیں، انہوں نے اس کو اسلام کی فتح قرار دیا۔ مولانا ابوالاعلیٰ مودودی نے بیان دیا کہ " ایران کا انقلاب خالص اسلامی انقلاب ہے " شاہ کی حکومت کے خاتمہ کے بعد مولانا مودودی اور جماعت اسلامی پاکستان نے ایران کی نئی قیادت کو مبارکباد کا تار بھیجا ۔ یہ تار اور اس کا ایرانی جواب یہاں مقابل کے صفحہ پر درج ہے ۔

مگر جلد ہی کھلا کہ ایران کا انقلاب محض ایک انتقامی انقلاب تھا نہ کہ اسلامی انقلاب ۔ چنانچہ حکومت پر قبضہ ملتے ہی خمینی گروپ نے ایران کے شہریوں کو گولی مارنا شروع کیا ۔ بے شمار لوگ انتقامی جذبات کی تسکین میں مار ڈالے گئے۔ تاہم مولانا مودودی کی جماعت کے پاس اس کی توجیہہ موجود تھی ۔ یہ سب اسلام دشمن ہیں جو قتل کیے جا رہے ہیں ۔

اس کے بعد 1980ء میں ایران اور عراق میں جنگ چھڑ گئی ۔ وہ اتنی بڑھی کہ پانچ سال گزرنے پر بھی اس کے خاتمہ کی صورت نظر نہیں آتی ۔ اس بربادی اور قتل کو دیکھ کر دنیا بھر کے لوگ چیخ اٹھے۔ اب مولانا مودودی کی جماعت کو اعلان کرنا چاہیے تھا کہ ان کے قائد نے حالات کو سمجھنے میں بھیانک غلطی کی ۔ انہوں نے انتقامی ہنگامے کو اسلامی انقلاب سمجھ لیا ۔ مگر ان کی خوش قسمتی سے دوبارہ انہیں ایسے الفاظ مل گئے جن کے ذریعہ وہ اپنی غلطی کو دوسرے کے خانہ میں ڈال سکیں ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکریٹری قاضی حسین احمد صاحب نے اپنے ایک بیان میں کہا : ایران ۔ عراق جنگ عالم اسلام کے خلاف سازش ہے ۔ اس جنگ میں عالم اسلام کے وسائل تباہ ہو رہے ہیں ۔ دروزنامہ وفاق لاہور ، 4 جون 1985ء)

لوگ جھوٹے الفاظ میں جیتے ہیں ۔ حالاں کہ مومن وہ ہے جو حقائق میں جینے لگے ۔

‹ Previous page Next page › Contents of July 1985 All issues

Printed page