Al-Risala · July 1985 · page 31

تیسرا سفر

الرسالہ، جولائی ۱۹۸۵، صفحہ ۳۱

تیسرا سفر

لاہور کے لئے میرا تیسرا سفر مارچ ۱۹۸۵ کے آخری ہفتہ میں ہوا۔ ۲۳ مارچ کو دہلی سے لاہور کے لئے پی آئی اے کی فلائٹ نمبر ۷۲ سے روانہ ہوا۔ پاکستانی ہوائی کمپنی سے سفر کا یہ میرا پہلا موقع تھا۔ پاکستان ایئرویز کا سفر اکثر پہلوؤں سے دوسرے ہوائی جہازوں جیسا تھا۔ تاہم بعض پہلوؤں سے وہ میرے لئے نیا تجربہ تھا۔ اناونسر کے اعلانات میں السلام علیکم، انشاء اللہ اور خدا حافظ جیسے کلمات سننے کو ملے۔ خاتون اناونسر خالص کتابی اردو بول رہی تھی۔ اسی طرح ہوائی جہاز اور ہوائی اڈہ کے اندر اجات میں انگریزی کے ساتھ اردو بھی ہر جگہ لکھی ہوئی نظر آئی۔

اپنے ہوائی سفر میں غالباً پہلی بار مسلمان ہو ا باز کا نام سننے میں آیا۔ یہ کیپٹن فاروق تھے ۔ انھوں نے ۷۸۰۰ میٹر کی بلندی پر جہاز کو اڑاتے ہوئے ۴۵ منٹ میں اس کو لاہور کے ہوائی اڈہ پر اتارا۔ واپسی میں ۲۸ مارچ کو جہاز کے کپتان مسٹر عبدالقادر تھے۔ لاہور سے دہلی تک پوری پرواز غیر معمولی طور پر ہموار تھی۔ حتیٰ کہ یہ احساس ہی نہیں ہوا کہ ہم کسی سواری میں چل رہے ہیں یا گھر کے اندر بیٹھے ہوئے ہیں۔

جہاز کے بیشتر مسافر مسلمان تھے۔ تاہم میرے قریب کی نشستوں پر ایک یورو بین جوڑا بیٹھا ہوا تھا۔ مسلمانوں کی عام حالت کے برعکس وہ لوگ اتنا آہستہ بول رہے تھے کہ بمشکل ان کی آواز سنائی دیتی تھی۔ واحد چیز جس سے وہ مجھے اپنے وجود کا احساس دلا رہے تھے وہ ان کے سگریٹ کا دھواں تھا۔ میں سگریٹ کے بارہ میں اتنا زیادہ حساس ہوں کہ ہوا میں اس کی ادنی آمیزش بھی مجھے بے چین کر دیتی ہے۔ تاہم سفر پر نکلنے کے بعد اس سے بچنا ممکن نہیں۔ ”نان اسموکنگ زون“ میں نشست حاصل کرنا بھی اس مسئلہ کا حل نہیں۔ اس کا حقیقی حل صرف یہ ہے کہ آدمی برداشت کرے یا وہ سفر ہی نہ کرے۔

اڑان کے دوران ہوائی جہاز کے اندر ناشتہ آیا تو عام قاعدہ کے خلاف اس میں صرف چمچہ تھا ”چھری کانٹا“ نہ تھا۔ اگرچہ مجھے معلوم نہیں کہ یہ اسلامیت تھی یا کفایت شعاری۔

۲۴ مارچ ۱۹۸۵ کی سہ پہر کو میں پاکستان کے لئے روانہ ہوا تو آج کے دو واقعات کی یاد میرے ذہن میں گھوم رہی تھی۔ آج صبح فجر کی نماز میں نے نظام الدین کی اس مسجد میں پڑھی جس کو عام طور پر کالی مسجد کہا جاتا ہے۔ ایک تبلیغی اجتماع کی وجہ سے آج نمازیوں کی تعداد غیر معمولی طور پر زیادہ تھی۔ نماز کے بعد امام صاحب کھڑے ہوئے۔ انھوں نے مسجد کے لئے مالی تعاون کی اپیل کرتے ہوئے یہ بتایا

‹ Previous page Next page › Contents of July 1985 All issues

Printed page