Alcoholic beverages will not be provided
الرسالہ، مارچ ۱۹۸۶، صفحہ ۴۷
اسلامی مرکز کا لٹریچر جن لوگوں تک پہنچتا ہے وہ عام طور پر تسلیم کرتے ہیں کہ اسلامی تعارف کے لیے یہی سب سے زیادہ مؤثر لٹریچر ہے۔ موجودہ زمانہ میں مسلمانوں کی لکھی ہوئی کتب میں زیادہ تر قومی اسلام کی ترجمانی کرتی ہیں نہ کہ حقیقتًاً اصولی اسلام کی۔ اس سلسلہ میں مختلف لوگوں کے تاثرات تقریباً ہر روز دفتر میں موصول ہو رہے ہیں۔ یہاں جناب پریم نارائن گپتا ایڈوکیٹ، بھوپال کا ایک خط (۴ دسمبر ۱۹۸۵) انھیں کے اپنے لفظوں میں بجنسہ نقل کیا جارہا ہے۔ جناب گپتا صاحب الرسالہ کے مستقل قاری ہیں۔ نیز انھوں نے مرکز کی متعدد مطبوعات کا گہرا مطالعہ کیا ہے۔ جناب بھائی مولانا وحیدالدین صاحب، السلام علیکم - الرسالہ آپ کی دوری کا احساس نہیں ہونے دیتا۔ مجھے معلوم ہوا ہے کہ آپ امریکہ تشریف لے جارہے ہیں۔ خدا آپ کا سفر کامیاب کرے ۔ میں نے حضورؐ کی سیرت پر دو کتابیں پڑھی پہلی کتاب کا نام پیغمبر انقلاب اور دوسری کا نام دی آئیڈیل پروفٹ ہے۔ پہلی کتاب کے لیکھک آپ ہیں اور دوسری کے لیکھک مولاناسید سلیمان ندوی ہیں۔ جس نے دھرم کو آگے رکھا اور خود اس کے پیچھے چلا ایسا انسان کبھی بھٹکتا نہیں۔ جب انسان نے اپنے کو دھرم سے آگے رکھا وہ بھٹک گیا۔ پیغمبر انقلاب میں آپ نے قرآن کی آیت تحریر کی ہے یا پھر حدیث کو بیان کیا ہے۔ اس کے بعد ہی آپ کی قلم آگے بڑھ سکی ہے۔ جو آپ کی قلم نے لکھا وہ دھرم کی نمائندہ سیرت ہے۔ جسے تنگ خیال ساہتکاروں نے قوم کی نمائندہ بنا رکھا تھا۔ جب کہ حضورؐ کی اصل سیرت قرآن اور حدیث ہے۔ جو کتھنی اور کرنی میں کھرا اترے وہ نبی ہے۔ آپ کی کتاب کے نبی جن جن اور گھر گھر کے نبی ہیں۔ دی آئیڈیل پروفٹ (خطبات مدراس کا انگریزی ترجمہ) میں لیکھک نے ویکتی گت خوبیوں کو سامنے رکھ کر قومی بڑائی کو اپنا مقصد بنایا ہے۔ اس کی نظر میں قومی کتاب کا لکھا جانا اولین اور سیرت کا لکھا جانا دوئم نظریہ رہا۔ جہاں دھرم دوسرا نظریہ بن جائے وہیں انسان راہ سے بے راہ اور گمراہ ہوجاتا ہے ۔ اس کتاب میں نبی جن جن اور گھر گھر کے نہ ہوتے ہوئے ایک خاص قوم کے نبی ہو گئے۔ دوسرے مذہبوں میں جو ہیرو ورشپ پائی جاتی ہے ایسا سب کچھ اس (کتاب) میں پایا ۔ اس لیے ہیرو ورشپ کا نظریہ ہی دھرم کے بگاڑ کا سبب بنتا ہے اور نفرت کا باعث ہے نہ کہ محبت کا۔ آپ کا خادم، پریم نارائن گپتا ایڈوکیٹ
‹ Previous page Next page › Contents of March 1986 All issues