ڈِیگال ازم
الرسالہ، جولائی ۱۹۸۶، صفحہ ۱۴
کامیابی کے لیے تاجر سے پوچھا گیا : کامیابی کیا ہے۔ اس نے جواب دیا :
When you wake up in the morning, jump out of bed and shout: Great, another day. Then you're a success. صبح کے وقت جب تم جاگو تو کو د کر بستر سے نکلو اور چلا کر کہو ، عظیم دوسرا دن ۔ تب تم کامیاب ہو۔ حقیقت یہ ہے کہ رات کے بعد ایک نئی صبح کا طلوع ہونا عظیم ترین چیز ہے۔ کیوں کہ وہ ہم کو کام کا ایک اور دن دیتا ہے۔ جس شخص کے اندر کام کا واقعی جذبہ ہو وہ ایسے ایک ایک دن کو پا کر اچھل پڑے گا۔ اور جو شخص کام کا دن پا کر اچھل پڑے وہی اس دنیا میں کوئی بڑا کام کر سکتا ہے۔ زمین پر رات اور دن کا باری باری آنا ساری معلوم کائنات میں ایک انوکھا واقعہ ہے۔ کیوں کہ وسیع کائنات میں یا تو سورج جیسے ستارے ہیں جو آگ کے بہت بڑے الاؤ کی مانند ہیں۔ اور ان میں انسان جیسی زندگی ممکن نہیں۔ اس کے بعد جو سیارے یا سیارچے ہیں۔ مثلاً مریخ یا چاند ، ان کی گردش زمین کے برعکس ، صرف یک طرفہ ہے۔ یعنی وہ صرف مدار پر گھومتے ہیں۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ ان کے ایک حصہ پر مستقل رات اور ان کے دوسرے نصف حصہ پر مستقل دن رہتا ہے۔
زمین وہ استثنائی کره ہے جو اپنے مدار پر گھومنے کے علاوہ اپنے محور پر بھی گھومتا ہے۔ اس کی وجہ سے اس پر رات اور دن باری باری آتے رہتے ہیں۔ یہ اللہ تعالیٰ کا حیرت انگیز انتظام ہے ۔ اسی طرح اللہ نے انسان کو یہ موقع دیا ہے کہ وہ دن کے اوقات میں کام کرے اور رات کو اپنی تکان مٹائے ۔
آدمی اگر اس پورے نظام پر غور کرے تو زمین پر رات کے بعد دن کا آنا اس کو اتنا عجیب معلوم ہوگا کہ صبح ہوتے ہی وہ واقعۃً بسترسے کو د کر کھڑا ہو جائے گا اور خدا کا شکر ادا کرے گا کہ اس نے اس کو کام کا قیمتی موقع عطا فرمایا ۔
‹ Previous page Next page › Contents of July 1986 All issues