Al-Risala · January 1988 · page 29

Hold the flight please. Passenger is coming.

الرسالہ، جنوری ۱۹۸۸، صفحہ ۲۹

ایک سفر

جموں میں ۱۲ ربیع الاول ۱۴۰۸ھ ( ۵ نومبر ، ۱۹۸۷ء) کو میلاد النبی کا سالانہ جلسہ تھا۔ اس موقع پر شرکت کے لیے جموں کا سفر ہوا ۔ ۴ نومبر کو دہلی سے جموں جانے والا جہاز ( (421) ) روانگی کے لیے تیار تھا کہ اچانک جہاز کے اندر ایک غیر معمولی سرگرمی شروع ہوگئی۔ جہاز کا عملہ انگریزی زبان اور ہندوستانی زبان میں بار بار یہ اعلان کر رہا تھا کہ دہلی سے گوہاٹی جانے والے کوئی مسافر غلطی سے اس جہاز میں آگئے ہیں ، وہ فوراً اتر جائیں ۔ کیوں کہ یہ جہاز دہلی سے جموں جا رہا ہے۔ تھوڑی دیر کی تلاش و تحقیق کے بعد آخر کار مذکورہ مسافر کا پتہ چل گیا اور ان کو فوری طور پر جہاز سے اتار کر دوسرے جہاز پر سوار ہونے کے لیے روانہ کر دیا گیا ۔ دوسری طرف میں نے دیکھا کہ جہاز کے عملہ کا ایک شخص " واکی ٹاکی " لیے ہوئے بار بار دوسرے جہاز کو یہ پیغام دے رہا ہے کہ براہ کرم جہاز کو روکیے ، مسافر آرہا ہے :

Hold the flight please. Passenger is coming.

گیٹ کے نگراں نے بورڈنگ کارڈ کو چیک کر کے پتہ کیا کہ اس جہاز میں ایک غلط مسافر داخل ہو گیا ہے۔ لاؤڈ اسپیکر نے مسافر کو اس کی غلطی سے مطلع کیا۔ اسی کے ساتھ وائرلیس نے دو جہازوں کو مسلسل مربوط رکھ کر اس کو ممکن بنایا کہ مذکورہ مسافر فلائٹ نمبر ۴۲۱ سے اترے اور فلائٹ نمبر ۴۸۴ میں جا کر سوار ہو سکے۔ اور یہ سب کچھ صرف چند منٹ کے اندر انجام پاگیا ـــــــ یہ اجتماعی کوشش یا ہم آہنگ عمل کا نتیجہ تھا۔ اسی لیے کہا گیا ہے کہ اجتماعی عمل میں برکت ہے۔

دہلی سے چند ہی گڑھ تک کی پرواز میں ہمارے نیچے زمین ہموار دکھائی دے رہی تھی۔ جموں کی قریبی فضا میں پہنچے تو زمین اونچی نیچی نظر آنے لگی۔ یہ پہاڑی ابھار تھے جو دور سے اس طرح دکھائی دے رہے تھے جیسے کہ بے شمار اونٹ اپنی کو ہانیں بلند کیے ہوئے کھڑے ہوں ۔ زمین میں کچھ ہموار علاقے ہیں اور کچھ پہاڑی علاقے ۔ دونوں میں کچھ کمیاں ہیں اور دونوں میں کچھ خوبیاں ہیں۔ زمین اگر سب کی سب ایک انداز کی ہوتی تو اس میں کچھ خصوصیات ہوتیں اور کچھ خصوصیات نہ ہوتیں۔ مگر اللہ تعالیٰ نے تنوع کا اصول جاری کر کے ہماری زمین کو ہر قسم کے حسن کا خزانہ بنا دیا ہے۔ اگر زمین میں یکسانیت کا اصول جاری ہوتا تو وہ انسان کے لیے ہر قسم کے حسن کا مجموعہ نہیں بن سکتی تھی ۔

‹ Previous page Next page › Contents of January 1988 All issues

Printed page