Al-Risala · July 1988 · page 3

آسمانی معائنہ

الرسالہ، جولائی ۱۹۸۸، صفحہ ۳

آسمانی معائنہ

ماسکو کے جنوب مغرب میں تقریباً ۸۰ کلومیٹر کے فاصلہ پر روس کا ایک فوجی کارخانہ تھا۔ اس کا نام پاو لوگراڈ پلانٹ (Pavlograd plant) تھا۔ اس کارخانہ میں بین براعظمی میزائل (انٹر کانٹینٹل بالسٹک میزائل) کے لیے انجن (Rocket Motors) بنائے جاتے تھے۔ نیوکلیئر میزائل سے متعلق یہ کارخانہ روس میں اپنی نوعیت کا واحد کارخانہ تھا۔ وہ ایک خفیہ مقام پر واقع تھا۔ ۱۲ مئی ۱۹۸۸ کو کسی وجہ سے اس میں زبردست دھماکہ ہوا اور کارخانہ کا بڑا حصہ برباد ہو گیا۔ روسی ذرائع نے اس فوجی حادثہ کے بارہ میں دنیا کو کوئی اطلاع نہ دی۔ روس کے اخبارات اور روس کا ریڈیو اس معاملہ میں بالکل خاموش رہا۔ مگر اس کے بعد ہی اس واقعہ کی پوری خبر واشنگٹن (امریکہ) سے نشر کر دی گئی۔ روسی حادثہ کے بارے میں خود روس تو مکمل طور پر راز داری برتے ہوئے تھا۔ مگر امریکہ کے ذریعہ اس کا علم پوری دنیا کو ہو گیا۔ بعد کو روسی ذرائع نے بھی اس کی تصدیق کر دی۔ ایسا کیوں کر ہوا۔ اس کا راز خلائی جاسوسی ہے جو موجودہ زمانہ میں بہت بڑے پیمانہ پر جاری ہے۔ ٹائمٹس آف انڈیا (۱۹ مئی ۱۹۸۸) نے واشنگٹن کی ڈیٹ لائن کے ساتھ جو خبر شائع کی ہے اس کا ایک جملہ یہ ہے کہ امریکہ کے جاسوسی سیاروں نے اس دھماکہ کو ۱۲ مئی کی رات ہی کو معلوم کر لیا : U.S. spy satellites detected the explosion on the night of May 12. یہ واقعہ گویا چھوٹے پیمانہ پر اس معاملہ کا مظاہرہ ہے جو زیادہ بڑے پیمانہ پر اس دنیا میں قائم ہے۔ انسان کے بنائے ہوئے مصنوعی سیارہ کا ”آسمانی معائنہ“ خداوند عالم کے زیادہ وسیع اور زیادہ کامل آسمانی معائنہ کو بتا رہا ہے۔ یہ بتاتا ہے کہ آدمی اپنے اعمال کو خواہ کتنا ہی چھپائے، مگر خدا کی نگاہیں اس کو بالکل بے حجاب حالت میں دیکھ رہی ہیں۔ دنیا میں آدمی اپنی سرکشی کا اعتراف نہیں کرتا، مگر آخرت میں جب خدا انسان کے سامنے اس کا ریکارڈ رکھ دے گا تو انسان کے لیے اس کے سوا کوئی چارہ نہ ہوگا کہ وہ اس کا اعتراف کرلے۔

آدمی کو اگر اس آسمانی معائنہ کا احساس ہو تو اس کی پوری زندگی بدل جائے۔

‹ Previous page Next page › Contents of July 1988 All issues

Printed page