نظریاتی جنون
الرسالہ، جولائی ۱۹۸۸، صفحہ ۷
نظریاتی جنون
دہلی کا انگریزی اخبار ہندوستان ٹائمز (۱۸ مئی ۱۹۸۸) آپ دیکھیں تو اس کے آخری صفحہ پر آپ کو ماسکو کی ڈیٹ لائن کے ساتھ ایک خبر ملے گی جس کی سرخی یہ ہے : Stalin uprooted 15 million people اس سرخی کے نیچے جو مفصل خبر درج ہے ، اس میں بتایا گیا ہے کہ سوویت روس میں سرکاری ٹیلی وژن پر ایک ڈاکومنٹری فلم دکھائی جا رہی ہے جس میں روس کے سابق اشتراکی حکمران جوزف اسٹالن کے بھیانک مظالم کو واقعاتی شکل میں دکھایا گیا ہے ۔ اسٹالن نے اپنے زمانہ اقتدار (۱۹۵۳ - ۱۹۲۴) میں ملک کے بے شمار باشندوں کو بے رحمی کے ساتھ ہلاک کر دیا تھا۔ انہی میں سے ایک سابق اشتراکی لیڈر بخارن (Nikolai Bukharin) بھی تھا جس کو ۱۹۳۸ میں گولی مار کر ہلاک کیا گیا۔ آج چالیس سال بعد اس کی بیوی لارینا (Anna Bukharin-Larina) اسٹیج پر آکر لوگوں کو بتا رہی ہے کہ اس کے شوہر کو بے قصور مارا گیا ۔ اسٹالن نے بخارن کو مروا دیا ، مگر حقیقت یہ ہے کہ خود اسٹالن ایک مسلمہ مجرم تھا :
I consider him a criminal.
مذکورہ ڈاکومنٹری وہ مناظر دکھاتی ہے جب کہ روس کی زرعی زندگی کو مکمل طور پر برباد کر دیا گیا۔ یہ اس وقت ہوا جب کہ اسٹالن نے اجتماعی کھیتی کے منصوبے کو بہجر عملی جامہ پہنایا۔ تین ملین سے زیادہ کسان گھرانے یا بالفاظ دیگر، پندرہ ملین زرعی باشندوں کو اس ڈکٹیٹر نے جڑ سے اکھاڑ دیا۔ ایک مبصر بتاتا ہے کہ روس کے زرعی نظام میں اس تبدیلی کا نتیجہ یہ ہوا کہ سوویت روس غلہ کو درآمد کرنے والا ایک ملک بن گیا ، جب کہ اس سے پہلے وہ غلہ کو برآمد کرنے والا ملک تھا : The documentary shows scenes of wholesale destruction of rural life with the beginning of collectivisation. More than three million peasant households or 15 million people were uprooted by the dictator, and a commentator says this transformed the Soviet Union from an exporter of grains to an importer (p. 20).
‹ Previous page Next page › Contents of July 1988 All issues