عظیم امکان
الرسالہ، اگست ۱۹۸۸، صفحہ ۲
عظیم امکان
امریکی میگزین ٹائم (4 جولائی ۱۹۸۸) کی کور اسٹوری کا موضوع جاپان کی اقتصادی ترقی ہے۔ اس کا عنوان ہے عظیم جاپان Super Japan چار صفحے کے اس مضمون میں بتایا گیا ہے کہ اقتصادی ترقی کے اعتبار سے اب جاپان کی صدی شروع ہو رہی ہے اور امریکہ کی صدی اب خاتمہ کو پہنچ گئی ہے : The American century is over (p.4). مضمون میں مختلف قسم کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بیسویں صدی کے آخر کا سب سے اہم واقعہ جاپان کا سب سے بڑی طاقت (Major superpower) کی حیثیت سے ابھرنا ہے۔ ۱۹۸۸ء میں جاپان نے ۱۰ بلین ڈالر بیرونی قرضہ دیا ہے، جبکہ اس کے مقابلہ میں امریکہ کے بیرونی قرضہ کی مقدار ۹ بلین ڈالر ہے۔ آئندہ جاپان ۵۰ بلین ڈالر بیرونی قرضہ دینے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ اس طرح وہ دنیا کا سب سے بڑا عطیعی ملک بن جائے گا۔
ورلڈ بینک کا صدر ہمیشہ صرف امریکی ہوا کرتا تھا۔ مگر اب جب کہ ورلڈ بینک میں سب سے زیادہ سرمایہ جاپان کا ہے، یہ ناگزیر ہو گیا ہے کہ ورلڈ بینک کا صدر جاپانی ہو۔ پچھلے ۴۰ سال سے امریکہ واحد سب سے بڑی اقتصادی طاقت (Economic superpower) کی حیثیت رکھتا تھا۔ اب یہ حیثیت تیزی سے جاپان کو ملتی جا رہی ہے۔ جاپان اقوام متحدہ کے بجٹ کا گیارہ فی صد حصہ ادا کر رہا ہے جو امریکہ کے بعد نمبر ۲ پر ہے۔ چنانچہ امریکہ اب اس کی حمایت کر رہا ہے کہ جاپان سیکورٹی کونسل کا چھٹا مستقل ممبر بنا دیا جائے ۔ تاہم ان ساری ترقیوں کے باوجود جاپان ایک سنگین مسئلہ سے دوچار ہے۔ اس کے سامنے کوئی واضح مقصد (Clear goal) نہیں۔ جاپان کے پاس ڈیموکریسی یا کمیونزم جیسا کوئی قابل برآمد نظریہ (Exportable ideology) نہیں۔ جاپان کی وزارت خارجہ کے ایک سابق افسر ہڈیا کی کا سے (Hideaki Kase) نے کہا کہ ہمارے پاس کچھ آدرش ہونا چاہیے جس میں عالم انسانی کے لیے اپیل ہو :
There must be some ideal that we have that would appeal to mankind (p.5).
‹ Previous page Next page › Contents of August 1988 All issues