Al-Risala · August 1988 · page 19

دروازہ کھلتا ہے

الرسالہ، اگست ۱۹۸۸، صفحہ ۱۹

دروازہ کھلتا ہے

روس میں ۱۹۱۷ء میں کمیونسٹ انقلاب آیا۔ اس کے بعد پورے سوویت روس میں مذہب کو خلاف قانون قرار دے دیا گیا۔ مذہب کے نام پر تنظیم بنانا، اجتماع کرنا، کتاب چھاپنا، ہر چیز قانونی طور پر ممنوع قرار پائی۔ تاہم نصف صدی کی مجنونانہ مذہب دشمنی کے بعد وہاں کے حالات بدلنا شروع ہوئے۔ اندازہ ہے کہ امریکی صدر مسٹر رونالڈ ریگن کا دورہ ماسکو (7۹ مئی۔ ۲ جون ۱۹۸۸ء) اس اعتبار سے روس میں نئے دور کا آغاز ہوگا۔ ریگن روسی حکمرانوں سے جو بات منوانا چاہتے ہیں، ان میں مذہبی آزادی بھی خصوصیت کے ساتھ شامل ہے ۔

اس دورہ کے موقع پر ماسکو میں ۶۳ ملکوں کے تقریبا ساڑھے پانچ ہزار جرنلسٹ جمع ہوئے۔ ان کا کہنا ہے کہ ۱۹۷۴ء میں جب نکسن۔ برزینیف ملاقات ماسکو میں ہوئی تھی تو صحافیوں پر سخت پابندیاں تھیں۔ مگر اس بار انھیں ہر قسم کی کھلی آزادی حاصل رہی۔ یہ روس میں ایک نئے انقلاب کی علامت ہے جس کا آغاز روس کے موجودہ حکمراں گوربا چیف نے کیا ہے۔

اس سلسلہ میں ماسکو سے جو خوش آئند خبریں آئی ہیں، ان میں سے ایک یہ ہے کہ انٹریشنل پولس کے دفتر کے سامنے مختلف چیزوں کی فروخت کا انتظام کیا گیا ہے۔ ان سب سے زیادہ غیر معمولی چیز بائبل کا روسی ترجمہ ہے۔ یہ ترجمہ روس میں مسیحیت کی ہزار سالہ برسی کے موقع پر چھاپا گیا ہے اور اس کی قیمت ۶۵ ڈالر ہے :

The most unusual buy has to be the modern Russian version of the Bible on sale periodically in the lobby in front of the international press briefing room. Put out to commemorate this summer's 1000th anniver- sary of Christianity in the Soviet Union, it retails for $65. یہ خبر ٹائمز آف انڈیا (۳۰ مئی ۱۹۸۸ء) میں صفحہ ۲ پر اور ہندوستان ٹائمز (۳۰ مئی ۱۹۸۸ء) میں صفحہ ۱۶ پر شائع ہوئی ہے۔ یہ ایک بے حد اہم خبر ہے۔ وہ بظاہر مسیحیت کی ہزار سالہ برسی سے تعلق رکھتی ہے، مگر حقیقتاً وہ اشتراک کی روس میں مذہب کے از سر نو احیاء کی علامت ہے۔ یہ خبر بتاتی ہے کہ عارضی وقفہ کے بعد روس میں دوبارہ مذہب کو آزادانہ عمل کے مواقع حاصل ہو گئے ہیں۔

‹ Previous page Next page › Contents of August 1988 All issues

Printed page