Al-Risala · May 1989 · page 7

خفیہ تصویر کشی

الرسالہ، مئی ۱۹۸۹، صفحہ ۷

خفیہ تصویر کشی

مقابل کے صفحہ پر دو تصویریں درج ہیں۔ یہ انگلینڈ کی ایک سڑک سے متعلق ہیں۔ ان کا عنوان ہے: "کیمرہ ٹریفک لائٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پکڑتا ہے"۔ اوپر والی تصویر میں ایک گاڑی عین اس نازک لمحہ (Fateful moment) میں پکڑی گئی جب کہ وہ لال بتی والے مقام پر ٹریفک قاعدہ کی خلاف ورزی کر رہی تھی۔ یہ گاڑی تیزی سے دوڑتی ہوئی ایک خاص چو راہہ پر پہنچی۔ اس کے پہنچتے ہی وہاں کی لال بتی جل اٹھی۔ اب اس گاڑی کو وہاں رک جانا چاہئے تھا۔ مگر لال بتی کے باوجود وہ رکے بغیر آگے بڑھ گئی۔

ڈرائیور کو معلوم نہ تھا کہ مخفی نظام کے تحت اس کا فوٹو لیا جا رہا ہے۔ چنانچہ عین اس وقت جب کہ اس نے لال بتی کو پار کیا ، کیمرہ نے فوراً اس کی تصویر لے لی۔ یہ واقعہ لال بتی جلنے کے صرف ایک سیکنڈ بعد پیش آیا۔

نیچے کی دوسری تصویر بھی اسی مذکورہ سڑک سے تعلق رکھتی ہے۔ یہاں بھی ایک گاڑی کے ڈرائیور نے یہ کیا کہ لال بتی جل جانے کے باوجود دہر کے بغیر آگے بڑھ گیا ۔ دو بارہ کیمرہ نے فوراً اس کی تصویر لے لی۔ یہ دوسرا واقعہ لال بتی جلنے کے دوسیکنڈ بعد پیش آیا۔ پہلی تصویر میں کیمرہ نے ایک سیکنڈ کی خلاف ورزی کو پکڑا ، اور دوسری تصویر میں دو سیکنڈ کی خلاف ورزی کو۔ یہ تصویر لندن کے اخبار ٹائمس (۲۸ جولائی ۱۹۸۸) سے لی گئی ہے۔ اس اخبار میں یہ تصویر ایک خبر کے ساتھ شائع ہوئی ہے۔ خبر میں بتایا گیا ہے کہ کار چلانے والے دس اشخاص اس جرم میں پکڑے گئے اور ان پر جرمانہ کیا گیا کہ انھوں نے سڑک کی لال بتی جل جانے کے باوجود اپنی گاڑی نہیں روکی تھی ان گاڑیوں کو پکڑنے کی یہ کارروائی دور سے کنٹرول کئے جانے والے کیمروں کی شہادت پر عمل میں آئی۔ مذکورہ گاڑیاں سڑک پر تیزی سے گزرتی ہوئی دیکھنے والوں کی نگاہوں سے اوجھل ہو چکی تھیں۔ مگر کیمرہ میں ان کی مکمل تصویر پوری طرح محفوظ تھی۔ ان تصویروں کے ذریعہ انھیں باآسانی شناخت کر لیا گیا۔ کیوں کہ ان کیمروں نے عین ہنگام کے موقع پر ان کی تصویریں لے لی تھیں۔

‹ Previous page Next page › Contents of May 1989 All issues

Printed page