Al-Risala · June 1989 · page 44

أجيالنا المسلمة فى الغرب هل نتركها نهباً للضياع

الرسالہ، جون ۱۹۸۹، صفحہ ۴۴

سے زیادہ ہے ۔ یہ لوگ گویا مغرب میں ہمارے سفیر ہیں ( هم سفراء نا فى الْغَرْبِ ) یہ بلاشبہ صحیح ترین لقب ہے جو مغرب میں مقیم مسلمانوں کو دیا جا سکتا ہے ۔ خاص طور پر امریکہ میں جو مسلمان آباد ہیں ، انھیں اگر اپنی اس حیثیت کا شعور ہو جائے تو وہ اسلام کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کر سکتے ہیں ۔

میں نے انھیں ایک حدیث سنائی جس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ مجھے ایک ایسی بستی کا حکم دیا گیا ہے جو تمام بستیوں کو کھا جائے گی ۔ لوگ اس کو یثرب کہتے ہیں ، مگر وہ مدینہ ہے ( أمرت بقرية تأكل القرى يقولون يثرب وهي المدينة ) اس حدیث سے اسلام کا طریق کار معلوم ہوتا ہے ۔ وہ یہ کہ " مکہ " میں اگر اسلامی دعوت کے لیے حالات نامساعد ہوں تو " مدینہ " کو دعوتی مرکز بنا کر دوسرے علاقوں کو مسخر کرو ۔ یہ طریق کار دور اول میں نہایت کامیابی کے ساتھ زیر عمل لایا جا چکا ہے ، اور موجودہ زمانہ میں بھی اس کے مواقع پوری طرح موجود ہیں ۔ میں نے کہا کہ امریکہ کو آج اسی قسم کے ایک " قریہ " کا مقام حاصل ہے ۔ امریکہ میں وہ حالات مکمل طور پر پیدا ہو چکے ہیں جو قدیم زمانہ میں " یثرب " میں پیدا ہوئے تھے ۔ یہاں کے لوگوں میں مختلف اسباب سے دین حق کی پیاس پیدا ہو چکی ہے ۔ یہاں دعوت و تبلیغ کے آزادانہ مواقع پوری طرح موجود ہیں ۔ یہاں وہ تمام جدید ترین اسباب و وسائل مہیا ہیں جو اشاعت فکر کے کام کو موثر طور پر انجام دینے کے لیے درکار ہیں ۔

مزید یہ کہ امریکہ کو ، ایک اعتبار سے ، عالمی قیادت کا مقام حاصل ہے ۔ اگر امریکہ میں موثر انداز میں دعوتی کام کر کے یہاں کی اکثریت کو اسلام کے دائرہ میں داخل کر لیا جائے تو وہ دوسری قوموں کو اسلام کے دائرہ میں داخل کرنے کا ذریعہ بن جائے گا ۔ حدیث کے الفاظ میں ، امریکہ کا " قریہ " دوسرے تمام قریوں کو نگل جائے گا ۔

مک کلوسکی (Pete McCloskey) امریکہ کے ایک سیاسی لیڈر ہیں ۔ وہ پندرہ سال تک کانگریس ( پارلیمنٹ ) کے ممبر رہے ہیں ۔ وہ مسلم نواز مشہور ہیں ، خاص طور پر فلسطین کے معاملہ میں وہ کھلے طور پر اسرائیل کے مخالف اور عربوں کے حامی ہیں ۔ چنانچہ یہاں کے یہودی ان کے سخت مخالف ہیں ۔ پچھلے الیکشن (کیلی فورنیا ) میں یہودیوں نے ان کے خلاف متحدہ ووٹ دے کر انھیں ہرا دیا ۔

‹ Previous page Next page › Contents of June 1989 All issues

Printed page