Al-Risala · January 1989 · page 35

حقیقت بے نقاب

الرسالہ، جنوری ۱۹۸۹، صفحہ ۳۵

حقیقت بے نقاب

بابری مسجد کی بازیابی کے لئے "ایودھیا مارچ" کی تحریک طوفان کی طرح اٹھی اور غبارہ کی طرح پھٹ گئی۔ بظاہر یہ ایک المناک حادثہ تھا۔ تاہم اطمینان کی بات یہ ہے کہ جو غبارہ پھٹا ، وہ نام نہاد مسلم قیادت کا غبارہ تھا۔ ملت ابتدائی طور پر قائدین کا ساتھ دینے کے بعد آخر کار ان سے الگ ہو گئی ، اور اس طرح وہ ان قائدین کے فتنے سے بچ گئی جو اس کو حوالہ آتش کر کے اپنے جھوٹے تیاورتی چہرہ کو روشن کرنا چاہتے تھے۔

بابری مسجد کا قضیہ بہت پرانا ہے۔ وہ تقسیم (۱۹۴۷) کے قبل سے چلا آرہا ہے۔ تاہم پر امن تدبیر کے دائرہ سے نکل کر ایجی ٹیشن کے دائرہ میں داخل ہونے کا دور ، 1987 کی ابتدا سے شروع ہوتا ہے۔ کچھ نام نہاد مسلم لیڈروں نے بابری مسجد کی بازیابی کے نام پر ۲۶ جنوری ، 1987 کو ریپبلک ڈے کے بائیکاٹ کا اعلان کیا۔ یہ اس معاملہ میں غیر پر امن انداز اختیار کرنے کا آغاز تھا۔ تاہم یہ لغو اقدام اخباری گرمی پیدا کرنے کے بعد آخر وقت میں واپس لے لیا گیا۔

اس کے بعد ۳۰ مارچ ، ۱۹۸۷ کو لاکھوں مسلمانوں کی ریلی نئی دہلی (بوٹ کلب) میں جمع ہوئی۔ یہاں نہایت اشتعال انگیز تقریریں ہوئیں اور بابری مسجد لیکے رہیں گے جیسے پر جوش نعرے لگائے گئے۔ (ملاحظہ ہو الرسالہ نومبر ۱۹۸۸ ، صفحہ ۲۴) لیڈروں نے اپنی دھواں دھار تقریروں کے دوران اعلان کیا کہ وہ مارچ کر کے ایودھیا جائیں گے اور مسجد میں فاتحانہ داخل ہو کر وہاں جمعہ کی نماز ادا کریں گے۔ اس کے بعد دسمبر ۱۹۸۷ کی میٹنگ میں دو مارچ کا فیصلہ کیا گیا:

۱۔ قائدین کا رمئی مارچ ۱۲ اگست ۱۹۸۸ ۲۔ مسلم عوام کا لانگ مارچ ۱۴ اکتوبر ۱۹۸۸ اعلان کے مطابق دونوں مارچ فیض آباد سے شروع ہو کر ایودھیا کی بابری مسجد پرختم ہونے والا تھا۔ پہلا مارچ تقریباً پانچ سو کی تعداد میں قائدین اور مسلم نمائندوں پر مشتمل ہوتا اور دوسرے مارچ میں سارے ملک کے مسلم عوام لاکھوں کی تعداد میں فیض آباد میں جمع ہوتے اور وہاں سے یلغار کرتے ہوئے ایودھیا پہنچتے اور بابری مسجد میں داخل ہو جاتے۔

‹ Previous page Next page › Contents of January 1989 All issues

Printed page