یکساں انجام
الرسالہ، ستمبر ۱۹۸۹، صفحہ ۱۸
یکساں انجام
کارل مارکس کی لڑکی لورا (Laura) اور اس کے داماد پال لافراگ (Paul Lafargue) نے 1911 میں اجتماعی خودکشی کر لی تھی۔ اس خودکشی کا سبب مفلسی تھا۔ اشتراکی مفکر نے اپنے مشن کی تبلیغ میں اپنا سارا اثاثہ ختم کر دیا تھا۔ اس کے بعد اس کی بیٹی اور داماد کے معاشی حالات بے حد سخت ہو گئے۔ آخر کار دونوں نے تنگ آکر بیک وقت اپنے آپ کو ہلاک کر لیا۔
کارل مارکس کی وفات کے بعد اس کے اشتراکی خیالات روس میں پھیلے۔ یہاں تک کہ روس میں اشتراکی انقلاب آگیا۔ ولادیمیر لینن پہلی اشتراکی ریاست کا پہلا وزیراعظم بنا۔ وہ اپنے وقت کا سب سے زیادہ طاقتور حکمران تھا جو ایک وسیع ملک پر مکمل کنٹرول رکھتا تھا۔ 21 جنوری 1924 کو اس کا انتقال ہو گیا۔
وفات سے پہلے لینن پر فالج کا حملہ ہوا۔ ایک عرصہ تک وہ اس طرح اپنے کمرہ میں پڑا رہا کہ وہ نہ ٹھیک طرح چل سکتا تھا اور نہ کچھ بول سکتا تھا۔ آخر کار زندگی سے عاجز آکر اس نے جوزف اسٹالن کو خط لکھا کہ وہ اس کو تھوڑی سی پوٹاشیم سائنائیڈ (Potassium cyanide) فراہم کرے۔ تاکہ وہ اس کو کھا کر اپنا خاتمہ کر سکے ۔ واضح ہو کہ پوٹاشیم سائنائیڈ نہایت مہلک زہر ہے۔ منہ میں داخل ہوتے ہی وہ آدمی کا خاتمہ کر دیتا ہے۔
یہ انکشاف روس کے ممتاز ناول نگار الکزینڈربک (Alexander Bek) کے ذاتی آثار سے ہوا ہے۔ ان کے ذاتی آثار میں لینن اور اسٹالن کی وہ تحریر مل گئی ہے جس سے مذکورہ واقعہ کی تصدیق ہوتی ہے (ٹائمز آف انڈیا، 23 اپریل 1989، صفحہ ۱۶)
یہ واقعہ نہایت سبق آموز ہے۔ وہ زندگی کی حقیقت کو بتا رہا ہے ۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اس دنیا میں غریبی اور امیری، محکومیت اور حاکمیت دونوں اضافی چیزیں ہیں ۔ ایک دولت مند آدمی بھی بالآخر اسی بے کسی کے مسئلہ سے دوچار ہوتا ہے جس سے ایک غریب اور مفلس آدمی کو سابقہ پیش آتا ہے۔
یہاں ایک اور دوسرے میں کوئی حقیقی فرق نہیں۔
‹ Previous page Next page › Contents of September 1989 All issues