قدرت کا فیصلہ
الرسالہ، اکتوبر ۱۹۸۹، صفحہ ۲۳
قدرت کا فیصلہ
اگر آپ امریکہ جائیں اور وہاں سے کناڈا کی طرف سفر کریں تو آپ دیکھیں گے کہ امریکہ اور کناڈا کی سرحد (Border) پر دونوں ملکوں کے جھنڈے ایک ساتھ لہرا رہے ہیں۔ پاس ہی ایک بورڈ ہے جس کے اوپر بڑے بڑے حرفوں میں لکھا ہوا ہے ۔ ۔۔۔۔۔۔ ایک ہی ماں کی اولادیں : Children of a common mother یہ بات جو امریکہ اور کناڈا کی سرحد پر کھلے بورڈ کے اوپر لکھی گئی ہے ، یہی بات تمام دوسرے ملکوں کی سرحدوں پر چھپے بورڈوں میں نہ دکھائی دینے والے حرفوں میں لکھی ہوئی ہے۔ یہ دوسرا بورڈ وہ ہے جو قدرت کی طرف سے لگایا گیا ہے ۔ پہلا بورڈ انسانی ہاتھوں نے لکھا ہے، دوسرا بورڈ خود خدا کے ہاتھوں نے۔
جدید تحقیقات جو مالے کیول حیاتیات (Molecular biology) میں ہوئی ہیں، ان سے جنینی شہادت (Genetic evidence) کے ذریعہ خالص سائنسی سطح پر یہ ثابت ہوا ہے کہ تمام دنیا کے لوگ ایک ہی عظیم خاندان (Great family) کا حصہ ہیں۔ سب ایک ہی مشترک ماں باپ (Common ancestor) سے تعلق رکھتے ہیں (تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو تعمیر کی طرف، صفحه ۲۸ - ۳۰)
ایسی حالت میں گویا حقیقت واقعہ وہی ہے جو مذکورہ بورڈ پر امریکہ اور کناڈا کی سرحد پر نصب کی گئی ہے۔ وہی معاملہ تمام قوموں کا ہے جس کا اعلان امریکہ اور کناڈا نے اپنے یہاں کیا ہے۔ حیاتیاتی حقیقت کا تقاضا ہے کہ ہر قوم اپنے یہاں وہی الفاظ لکھے جو امریکہ اور کناڈا نے اپنے یہاں لکھ رکھا ہے۔ یہی موجودہ دنیا میں انسان کا امتحان ہے۔ یہاں آدمی کو اپنے آزاد ارادے سے وہی کام کرنا ہے جو قدرت نے لازمی قانون کے تحت پیشگی طور پر مقدر کر دیا ہے۔ جو چیز قدرت نے اپنے مخفی قلم سے لکھی ہے، اسے انسان کو اپنے ہاتھ سے اپنے صفحۂ حیات پر لکھنا ہے۔ قدرت کے اپنے منصوبے کے تحت چیزوں کی جو اسکیم (Scheme of things) ہے، اس کے مطابق اپنے شعور اور عمل کو ڈھال لینا ہے۔ قدرت کے نقشہ سے مطابقت کا نام تعمیر ہے اور قدرت کے نقشہ سے عدم مطابقت کا نام تخریب۔ رسالہ اکتوبر ۱۹۸۹ء ۲۳
‹ Previous page Next page › Contents of October 1989 All issues