سفر نامہ روس ــــــــ ۲
الرسالہ، مارچ ۱۹۹۱، صفحہ ۳۱
گھنٹہ پورا ہواتا ہے، دوسرے دو فوجی جو ان خاص انداز میں چلتے ہوئے آتے ہیں اور ان کی جگہ کھڑے ہوجاتے ہیں۔ روس میں لینن کو جو غیرمعمولی عظمت حاصل ہے، یہ اس کا ایک مظاہرہ ہے۔ اس کو دیکھ کر میں نے سوچا کہ مردہ انسان کے علامتی ڈھانچہ کی حفاظت پر اتنے زبردست پہرے لگے ہوئے ہیں، مگر دنیا میں وہ انسان کہیں نظر نہیں آتا جس نے اپنے زندہ وجود کو نفس اور شیطان سے بچانے کے لئے اپنے اوپر پہرہ بٹھا رکھا ہو۔ حالاں کہ یہ دوسرا پہرہ "مفت" میں حاصل ہوتا ہے۔ آپ اللہ سے دعا کیجئے اور اللہ کے فرشتے آپ کی پہریدار ہی کے لئے فورا آپ کے پاس آجائیں گے۔ ماسکو میں دنیا کا سب سے بڑا سرکس ہے۔ آج اس کا مخصوص شو تھا۔ میرے نہ چاہتے ہوئے بھی میرے میزبان نے مجھ کو لے جاکر وہاں بٹھا دیا۔ بادل ناخواستہ وہاں جا کر بیٹھ گیا۔ اس کی عمارت سے لے کر ہر چیز تک غیرمعمولی تھی۔ حد درجہ تربیت یافتہ قسم کے آدمی، گھوڑے، اونٹ، بندر، کتے بار بار آکر طرح طرح کے تماشے دکھاتے رہے۔ ہزاروں تماشائی محظوظ ہو کر تالیاں بجارہے تھے۔ مگر مجھے ان چیزوں کا کوئی ذوق نہیں۔ میں بے رغبت بیٹھا ہوا کبھی آنکھ کھولتا اور کبھی آنکھ بند کرتا۔ تاہم اس کا ایک "آئٹم" بڑا عجیب تھا۔ درمیان میں کھلے ہوئے اسٹیج پر ایک بہت بڑا جالی دار پنجرہ کھڑا کر دیا گیا۔ اس کے بعد پندرہ بڑے بڑے شیر اس کے اندر داخل کئے گئے۔ ایک تنہا آدمی کالا سوٹ پہنے ہوئے اس کے اندر موجود تھا۔ اس کے ہاتھ میں تقریبا ۴فٹ لمبی چھڑی تھی جس کی سفیدی بتا رہی تھی کہ وہ لوہے کی ہے۔ تمام شیر اس آدمی کی چھڑی کے اشاروں پر حرکت کرنے لگے۔ جس طرح ہندوستان میں ایک مداری بندر کو تربیت دے کر اس سے طرح طرح کے تماشے کراتا ہے، اسی طرح یہ آدمی پندرہ شیروں کے درمیان کھڑا ہو ان سے عمل کروا رہا تھا۔ حاضرین سانس روکے ہوئے اس حیرت ناک "شو" کو دیکھتے رہے۔ شیر کبھی کبھی آدمی کی چھڑی پر غر آتے اور دانت اور پنجہ نکالتے، مگر اس کے باوجود وہ مجبور مخلوق کی طرح اس کے احکام کی پابندی کرتے رہے۔ یہ شو اتنا عجیب تھا کہ جب میں اس کو سوچتا ہوں تو ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے میں نے کوئی خواب دیکھا ہو۔
سرکس کا شو دیکھنے کے بعد ہم لوگ ہوٹل واپس آئے تو گھڑی میں دس بج چکے تھے۔ شام کو انبے ہندوستان میں رات کا وقت ہوتا ہے۔ مگر یہاں ابھی فضا میں اجالا تھا اور مغرب کا وقت ہو رہا تھا۔
‹ Previous page Next page › Contents of March 1991 All issues