Al-Risala · October 1991 · page 11

کاروباری استقلال

الرسالہ، اکتوبر ۱۹۹۱، صفحہ ۱۱

کاروباری استقلال

خوش حال طبقہ ناشتہ میں یا چائے کے ساتھ اناج کی بنی ہوئی ہلکی چیزیں لینا پسند کرتا ہے۔ اس کی ایک صورت وہ ہلکی خوراک ہے جس کو کارن فلیک (cornflakes) کہا جاتا ہے۔ اس کی مختلف قسمیں بازار میں فروخت ہوتی ہیں۔

بہت سی فرموں نے مختلف ناموں سے کارن فلیک بنائے۔ ان کے مزہ میں طرح طرح کا تنوع پیدا کیا۔ مگر ہندوستانی مارکیٹ میں وہ زیادہ کامیاب نہ ہوسکے۔ حالاں کہ انھوں نے اشتہار پر کافی رقمیں خرچ کیں۔ اس وقت ہندوستان کے بازار میں صرف دو فرموں کے بنائے ہوئے کارن فلیک زیادہ چل رہے ہیں۔ ایک، ہندوستان ویجیٹیبلز آئلس کارپوریشن (HVOC) کا اور دوسرے موہن میکنس لمیٹڈ کا۔ یہ دونوں فرمیں سالانہ ایک ہزارٹن کارن فلیک فروخت کرتی ہیں۔ جن کی قیمت تین کروڑ پچاس لاکھ ہوتی ہے۔ حالاں کہ یہ دونوں فرمیں اشتہار پر سرے سے کوئی رقم خرچ نہیں کرتیں۔ ان کا تیار کیا ہوا کارن فلیک بغیر کسی اشتہار کے فروخت ہوتا ہے (ٹائمش آف انڈیا ۹ جون ۱۹۹۰)

اس فرق کی وجہ کیا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ دوسری فرموں کی کوئی تاریخ نہیں۔ انھوں نے کسی نام سے کارن فلیک کی ایک قسم بنائی۔ وہ بازار میں نہیں چلی تو انھوں نے دوسری قسم بناڈالی یا سرے سے اس کو بنانے کا کام چھوڑ کر کوئی دوسرا کام شروع کر دیا۔ اس کے برعکس مذکورہ دونوں کامیاب فرموں کی صنعت کے پیچھے ۲۰ سال کی تاریخ ہے۔ وہ ۲۰ سال سے متواتر ایک ہی قسم کا کارن فلیک بنا رہی ہیں۔ ۲۰ سالہ تاریخ نے ان کو لوگوں کی نظر میں معلوم اور مسلم بنا دیا ہے۔ کسی آدمی کو کارن فلیک لینا ہوتا ہے تو ان کے ذہن میں پہلے سے اس کا نام موجود ہوتا ہے اور وہ بازار جا کر اپنے اس معلوم کارن فلیک کو خرید لیتے ہیں۔

یہی کاروبار میں ترقی کا راز ہے۔ کاروبار میں استقلال کی حیثیت لازمی شرط کی ہے۔ آپ کاروبار کر کے اس کو چھوڑتے یا بدلتے رہیں تو آپ کبھی کاروبار میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ اور اگر آپ کاروبار کر کے اس پر جمے رہیں۔ کسی بھی دشواری کی وجہ سے اس کو نہ چھوڑیں تو ۲۰ سال گزرنے کے بعد آپ لازماً کامیابی کی اگلی منزل پر پہونچ چکے ہوں گے۔

اکتوبر ۹۱ ٫ اور اقبالہ ۱۱

‹ Previous page Next page › Contents of October 1991 All issues

Printed page