الرساله سمپوزیم
الرسالہ، نومبر ۱۹۹۱، صفحہ ۴۹
تامل ناڈو کے ایک ادارہ نے " روشن مستقبل " کا ترجمہ تامل زبان میں شائع کیا ہے۔ یہ کتاب چھوٹے سائز پر ہے اور ۸۶ صفحات پر مشتمل ہے۔ ناشر کا پتہ یہ ہے:
Darul Marashid, B-45 Ahmadia Nagar, Pallapatti 639205 امریکہ سے ایک صاحب نے مطلع کیا ہے کہ یہاں ہم نے ایک صاحب کو تیار کیا ہے جو انشا اللہ ہر جمعہ اور اتوار کے دن الرسالہ انگلش اور الرسالہ اردو کی ممبر شپ بڑھانے کے لئے کام کریں گے۔ اسی کے ساتھ ان کو مرکز کی چھپی ہوئی سب کتابیں بھی دے دی ہیں۔ ان کو بھی وہ لوگوں کو دکھا کر انہیں لوگوں کے درمیان پھیلائیں گے۔ امید ہے کہ انشا اللہ اس میں ہمیں کامیابی ہوگی۔ محمد افسر الدین فاروقی صاحب (رتلام) نے اپنے یہاں کی مسجد میں جمعہ کے دن " پیغمبر انقلاب " پڑھ کر سنانا شروع کیا۔ اس میں ایک سال لگے۔ ایک سال میں پوری کتاب پڑھ کر سنائی۔ اسی طرح بہت سے لوگ جگہ جگہ مختلف کتابیں پڑھ کر سنا رہے ہیں۔ اس طرح یہ پیغام عمومی سطح پر پہنچ رہا ہے۔
متعدد مقامات سے یہ خبریں ملی ہیں کہ وہاں الرسالہ مشن کے لوگ اور تبلیغی جماعت کے لوگ مل کر کام کر رہے ہیں۔ یہ بہت اچھی علامت ہے۔ اس طرح دونوں کو ایک دوسرے سے تقویت ملے گی اور دینی احیاء کا کام زیادہ موثر طور پر ہو سکے گا۔ ضرورت ہے کہ اسی انداز پر ہر جگہ کام کیا جائے۔
ایک صاحب لکھتے ہیں : میں سائنس کا طالب علم ہوں۔ سائنس نے میرے دل و دماغ سے اسلام کا تصور بالکل نکال دیا تھا۔ مگر کہاں سے وہ زبان لاؤں کہ اس رب جلیل کا شکر ادا کروں جس نے میرے اندر آپ کا لٹریچر پڑھنے کا دھیان پیدا کیا۔ شکر اس پروردگار کا کہ اس کو پڑھنے کے بعد نہ صرف میرے خیالات درست ہو گئے۔ بلکہ اب یہ حال ہے کہ آپ کی کتابیں دوسروں کو پڑھارہا ہوں ( زبیر احمد ختلانی ، بارہمولہ )
ایک صاحب لکھتے ہیں: میں آپ کے ماہانہ الرسالہ کا زبر دست مداح ہوں۔ الرسالہ نے ہزاروں مسلمانوں کو نیا جوش بخشا ہے تاکہ اسلام کا پھول ہر موسم میں اور ہر ماحول میں کھل سکے۔ یہ مقصد الرسالہ نے کافی آگے بڑھایا ہے ( محمد شفیع بٹ ، سوپور ، کشمیر )
‹ Previous page Next page › Contents of November 1991 All issues