Al-Risala · June 1992 · page 23

اسلامی دعوت کے مواقع

الرسالہ، جون ۱۹۹۲، صفحہ ۲۳

اسلامی دعوت کے مواقع

مذہب کی طرف واپسی دراصل اسلام کی طرف واپسی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ آج مذہب کا صحیح نمائندہ صرف اسلام ہے۔ جو لوگ فی الواقع مذہب کے طالب ہوں اور وہ اپنی اس طلب میں سنجیدہ ہوں وہ اگر اسلام کو جان لیں تو یقینی طور پر وہ اسلام ہی کو اپنا مذہب بنانے کا فیصلہ کریں گے۔ کیوں کہ وہ " مذہب کے نام سے جس چیز کو تلاش کر رہے ہیں وہ اسلام اور صرف اسلام ہے۔ اللہ تعالیٰ کو یہ مطلوب ہے کہ اس کے دین کا پیغام تمام انسانوں تک پہنچایا جائے۔ اپنے اس مطلوب کو زیادہ سے زیادہ مؤثر اور کارگر بنانے کے لئے اللہ تعالیٰ نے جو انتظامات کئے ہیں، ان میں سے ایک خاص انتظام یہ ہے کہ اس نے اپنے آخری دین کو مکمل طور پر محفوظ بنا دیا۔ تمام مذاہب میں صرف اسلام کا محفوظ اور تاریخی مذہب ہونا اس کو اجارہ داری کی حد تک واحد قابل اعتنا مذہب بنا دیتا ہے۔

اسلام کی اس خصوصیت نے ایک طرف اسلام کی پیغام رسانی کو نہایت آسان بنا دیا ہے۔ اسلام کے ماننے والے اگر خود اپنی نادانی سے غیر ضروری طور پر کوئی مسئلہ کھڑا نہ کریں تو وہ بلا روک ٹوک اسلام کی تبلیغ کا عمل جاری رکھ سکتے ہیں۔

اسلام کی اس خصوصیت کا دوسرا نتیجہ یہ ہے کہ اسلام آج لوگوں کے لئے حد درجہ قابل قبول مذہب بن چکا ہے۔ اب ساری رکاوٹیں ختم کی جاچکی ہیں۔ اب اصل کام صرف یہ ہے کہ لوگوں کو خالص مثبت انداز میں اسلام سے متعارف کر دیا جائے۔ اس کے بعد لوگ خود اپنے جذبہ کے تحت اس کی طرف کھنچ آئیں گے۔ وہ اس کو خود اپنی طلب کا جواب سمجھ کر اسے اختیار کر لیں گے۔

مذہب کی طرف واپسی، اپنے امکان کے اعتبار سے، اسلام کی طرف واپسی ہے۔ کون ہے جو اس امکان کو واقعہ بنانے کے لئے اٹھے، کون ہے جو خدا کے منصوبہ میں اپنے آپ کو شریک کرے۔

‹ Previous page Next page › Contents of June 1992 All issues

Printed page