Al-Risala · June 1992 · page 36

He is our super-guru.

الرسالہ، جون ۱۹۹۲، صفحہ ۳۶

نتیجہ یہ ہوا کہ کوئی ایک عالم یا مبلغ بھی جاپان بھیجا نہ جاسکا۔

اس واقعہ پر اب ایک سو سال گزر چکے ہیں۔ اگر اس وقت کے علماء نے جاپان کے بادشاہ کی اس پیش کش کو فوراً قبول کر لیا ہوتا اور جاپان کے لئے اسلامی مبلغ بھیجنے کا سلسلہ شروع کر دیا جاتا تو ایک سو سال پورا ہونے کے بعد اب جاپان میں اسلام کا کیا حال ہوتا، اس کا اندازہ کرنا کچھ مشکل نہیں۔

معروف افراد کی سطح پر تو یہ کام نہ ہوسکا۔ تاہم غیر معروف افراد کے ذریعہ جاپان میں تبلیغی کام کچھ نہ کچھ ہوتا رہا ہے۔ اس کی ایک مثال الرحلۃ الیابانیۃ ہے۔ یہ ایک مصری مسلمان علی احمد الجرجاوی کی کتاب ہے۔ انھوں نے ۱۹۰۶ء (۱۳۲۵ھ) میں جاپان کا سفر کیا۔ واپسی کے بعد یہ کتاب لکھی جو اسی زمانہ میں قاہرہ سے شائع ہوئی۔ اس کا ایک نسخہ قاہرہ کے المکتبۃ الازهریۃمیں موجود ہے۔ قطر کے عربی ماہنامہ الامۃ کے شمارہ شوال ۱۴۰۶ھ (جون ۱۹۸۶ء) میں اس پر چار صفحہ کا تعارف چھپا ہے۔

علی احمد الجرجاوی نے اخبار میں پڑھا کہ جاپان کے بادشاہ میکادو کے حکم سے جاپان میں ایک مذہبی کانفرنس ہورہی ہے۔ اس میں ہر مذہب کے نمائندے شریک ہوں گے۔ انھوں نے اپنے جریدہ الارشاد میں لکھا کہ مصر سے مسلمانوں کا ایک وفد جاپان کی اس کانفرنس میں شرکت کرے۔ مگر کسی کو اس سے دلچسپی نہ ہوئی۔ آخر کار وہ کلکتہ کی جامع مسجد کے امام احمد موسیٰ المصری اور تیونس کے ایک شخص کو لے کر ٹوکیو کے لیے روانہ ہوئے۔ یہ بحری سفر کا زمانہ تھا۔ وہ اسکندریہ، تونس، مراکش، اٹلی، جدہ، عدن، بمبئی، کولمبو، سنگاپور، ہانگ کانگ، یوکا ہاما ہوتے ہوئے ٹوکیو پہنچے۔ مصر سے جاپان تک ۱۲ ہزار میل سے زیادہ کا سفر کیا۔ ٹوکیو میں معلوم ہوا کہ ہندوستان سے سید حسین عبد المنعم بھی اس کانفرنس میں شرکت کے لیے آئے ہیں۔ ان چار آدمیوں نے ٹوکیو میں ایک مکان کرایہ پر لیا۔ مالک مکان کا نام موسیوجازنیف تھا۔ سید حسین عبد المنعم انگریزی سے واقف تھے۔ وہی مترجم کا کام کرتے تھے۔ مالک مکان نے ان لوگوں سے اسلام کی تعلیمات کے بارے میں پوچھا۔ انھوں نے اس کے سامنے اسلام کا تعارف کرایا۔ جاپانی نے اسی مجلس میں اسلام قبول کر لیا اور کہا کہ آج سے مجھے مسلمانوں میں سے سمجھو (اعتبرونی من الان فی عداد المسلمین)

موسیوجازنیف نے اسلام کی تبلیغ کے معاملہ میں ان لوگوں کی ہر طرح مدد کی۔ یہاں تک کہ چند مہینے کی کوشش سے تقریباً ۱۰ ہزار جاپانی مسلمان ہو گئے۔ مصنف لکھتے ہیں کہ جاپانیوں میں اسلام کی اشاعت کے سلسلے

‹ Previous page Next page › Contents of June 1992 All issues

Printed page