Al-Risala · July 1992 · page 9

ناامیدی

الرسالہ، جولائی ۱۹۹۲، صفحہ ۹

ناامیدی

ہوم افیرس کے منسٹر آف اسٹیٹ ایم ایم جیکب نے راجیہ میں بتایا کہ یکم جنوری ۱۹۸۸ سے لے کر ۳۰ جون ۱۹۹۱ تک ساڑھے تین سال میں صرف دہلی میں جن لوگوں نے خود کشی کی ان کی تعداد ۲۰۰۷ ہے ۔ خود کشی کے اقدام کا بنیادی سبب انتہائی مایوس (extreme frustration) تھا (ہندوستان ٹائمز یکم اگست ۱۹۹۱)

واقعات بتاتے ہیں کہ خود کشی کرنے والے زیادہ تر غیر معذور لوگ ہوتے ہیں۔ بہت ہی کم ایسا ہوتا ہے کہ کوئی معذور اور لاچار آدمی اپنے آپ کو ہلاک کر کے خود کشی کرلے۔ ایک شخص نے بی اے پاس کر لیا تھا مگر ایم اے میں اس کو داخلہ نہیں ملا اس لیے اس نے خود کشی کرلی۔ ایک شخص نے اپنی ڈگری کی تعلیم مکمل کر لی مگر اس کے بعد اس کو ملازمت نہیں ملی اس لیے اس نے خود کشی کر لی۔ ایک شخص کا پروموشن دس سال تک رکارہا اس نے اپنے آپ کو ہلاک کر لیا۔ ایک شخص اپنی پسندیدہ عورت سے شادی نہ کر سکا اس لیے اس نے زہر کھا کر اپنا خاتمہ کر لیا۔ وغیرہ۔ خود کشی کرنے والے افراد کا معاملہ زیادہ تر یہ تھا کہ وہ تندرست تھے۔ ان کو کھانا کپڑا بھی مل رہا تھا۔ بقَدَرِ ضرورت اسباب حیات انہیں حاصل تھے۔ مگر وہ اپنی ایک مطلوب چیز کو پائے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ اس بنا پر وہ شدید محرومی کا شکار ہو گئے اور خود کشی کا اقدام کر بیٹھے۔ اس دنیا میں سب سے بڑی چیز امید ہے۔ امید پر آدمی جیتا ہے اور اگر امید باقی نہ رہے تو اس کو اپنی زندگی اتنی زیادہ بے معنی نظر آنے لگتی ہے کہ وہ خود اپنے ہاتھوں اپنے آپ کو ہلاک کر لیتا ہے۔ مگر ان تمام لوگوں کی مشترک غلطی یہ ہے کہ انہوں نے اپنے حال کو دیکھا، مگر وہ اپنے مستقبل کو نہ دیکھ سکے۔ کوئی آدمی حال میں اگر کم پانے ہوئے ہو تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ مستقبل میں بھی کم ہی پر باقی رہے گا، اگر وہ اپنے وجود کو اور اپنے ملے ہوئے مواقع کو استعمال کرے تو عین ممکن ہے کہ آئندہ وہ ان تمام چیزوں کو پا لے جن کو وہ اپنے آج کے حالات میں نہ پاسکا۔ حال پر نظر آدمی کو مایوسی کرتی ہے لیکن مستقبل پر نظر اس کو حوصلہ مند انسان بنا دیتی ہے۔

‹ Previous page Next page › Contents of July 1992 All issues

Printed page